متحدہ عرب امارات کے بینک نے پاکستان کیلئے 1 ارب ڈالر فنانسنگ کا بندوبست کرلیا

فنانسنگ کی سہولت بین الاقوامی سرمایہ کاروں کا پاکستان کی معیشت پر اعتماد کا اظہار ہے،محمد اورنگزیب

بدھ 9 جولائی 2025 20:55

متحدہ عرب امارات کے بینک نے پاکستان کیلئے 1 ارب ڈالر فنانسنگ کا بندوبست ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 09 جولائی2025ء)متحدہ عرب امارات کے بینک نے پاکستان کے لیے ایک ارب ڈالر فنانسنگ کا بندوبست کرلیا۔وزارت خزانہ کی جانب سے کہا گیا ہے کہ یو اے ای کا بینک پاکستان کو 5 سال کے لیے یہ فنانسنگ فراہم کرے گا، اس بینک نے بین الاقوامی سرمایہ کاروں کے ذریعے اس فنانسنگ کا بندوست کیا ہے۔

(جاری ہے)

وزارت خزانہ نے بتایا ہے کہ ایشیائی ترقیاتی بینک نے فنانسنگ کے لیے پالیسی گارنٹی فراہم کی ہے، فنانسنگ کا 89 فیصد شیئر اسلامی شریعہ کے مطابق حاصل کیا گیا ہے۔

وزارت خزانہ کے مطابق متحدہ عرب امارات کے دیگر بینکوں نے بھی متعلقہ بینک کے ساتھ شراکت داری کی ہے۔وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا کہ فنانسنگ کی سہولت بین الاقوامی سرمایہ کاروں کا پاکستان کی معیشت پر اعتماد کا اظہار ہے، شریعہ کے مطابق فنانسنگ حاصل کرنے میں کامیابی ہوئی ہے۔