پنجاب حکومت تاحال 10 کھرب روپے کی سنگین مالی بے ضابطگیوں کا جواب دینے سے قاصر ہے، بیرسٹر ڈاکٹر سیف

ژ*آڈٹ رپورٹ پر خاموشی پنجاب میں جاری لوٹ مار اور کرپشن کا واضح ثبوت ہے،مریم نواز پنجاب کے عوام کے 10 کھرب روپے ڈکار گئی ہیں،آڈٹ رپورٹ نے مریم نواز کی کرپشن پر مہرِ تصدیق ثبت کر دی ،صوبائی مشیر اطلاعات

بدھ 9 جولائی 2025 23:17

پنجاب حکومت تاحال 10 کھرب روپے کی سنگین مالی بے ضابطگیوں کا جواب دینے ..
پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 09 جولائی2025ء)وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کے مشیر اطلاعات و تعلقات عامہ بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے کہا ہے کہ پنجاب حکومت تاحال 10 کھرب روپے کی سنگین مالی بے ضابطگیوں کا جواب دینے سے قاصر ہی. آڈٹ رپورٹ پر خاموشی پنجاب میں جاری لوٹ مار اور کرپشن کا واضح ثبوت ہے،مریم نواز پنجاب کے عوام کے 10 کھرب روپے ڈکار گئی ہیں،آڈٹ رپورٹ نے مریم نواز کی کرپشن پر مہرِ تصدیق ثبت کر دی ہے۔

بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے کہا کہ پنجاب میں ترقیاتی منصوبے عوامی فلاح کی بجائے صرف کمیشن کے لیے شروع کیے جاتے ہیں۔پنجاب کے عوام کو 10 کھرب روپے کا ٹیکہ لگا کر ٹک ٹاک پر ترقی کے جھوٹے دعوے کیے جا رہے ہیں 10 کھرب روپے کا سکینڈل تو صرف آڈٹ رپورٹ میں سامنے آیا ہے، باقی کرپشن اس کے علاوہ ہے اور یہ تو صرف پہلے سال کی کہانی ہے، آگے آگے دیکھئے ہوتا ہے کیا۔

(جاری ہے)

بیرسٹر ڈاکٹر سیف کا مزید کہنا تھا کہ کرپشن شریف خاندان کی رگ رگ میں بس چکی ہے،شریف خاندان پنجاب کے عوام کا پیسہ لندن منتقل کر رہا ہے، یہ خاندان گزشتہ کئی برسوں سے ملک کو لوٹ رہا ہے، مگر ان کا پیٹ ہے کہ بھرتا ہی نہیں۔انہوں نے کہا کہ شریف خاندان عوام کا پیچھا چھوڑنے کو تیار نہیں جب عوام نے ووٹ کے ذریعے مسترد کیا تو فارم 47 کے ذریعے ملک پر مسلط ہو گیا. انہوں نے کہا کہ شریف خاندان دہائیوں سے ملک پر مسلط ہے اور عوام کے ٹیکس کے پیسے چوری کرکے لندن منتقل کررہے ہیں یہی وجہ ہے کہ ملک ترقی کے دوڑ سے باہر ہے عوام دو وقت کی روٹی کے لئے ترس رہے ہیں جبکہ شریف خاندان کے اثاثوں میں آئے روز اضافہ ہورہا ہے۔

بیرسٹر ڈاکٹرسیف کا مزید کہنا تھا کہ نااہل مریم نواز صرف ٹک ٹاک پر ترقی کے جھوٹے دعوے کررہے ہیں جبکہ حقیقت میں کچھ بھی نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ صرف اشتہارات سے ترقی نہیں ہوتی ہے ترقی کے لئے کرپشن کا خاتمہ اور عوام کے پیسے عوام پر خرچ کرنا ضروری ہوتا ہے۔ کرپشن شریف خاندان کا پرانا وطیرہ ہے جس سے یہ کبھی بھی باز نہیں آتے ہیں۔