حکومت سندھ نے 2022 کے تباہ کن سیلاب سے متاثرہ کسانوں کے لیے امدادی فنڈز میں نمایاں اضافہ کیا ہے،شرجیل میمن

بدھ 9 جولائی 2025 22:46

حکومت سندھ نے 2022 کے تباہ کن سیلاب سے متاثرہ کسانوں کے لیے امدادی فنڈز ..
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 09 جولائی2025ء)سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے سیلاب متاثرہ علاقوں کے کسانوں کے لیے ایک بڑی خوشخبری کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت سندھ نے 2022 کے تباہ کن سیلاب سے متاثرہ کسانوں کے لیے امدادی فنڈز میں نمایاں اضافہ کیا ہے۔ اس پیکیج میں فصلوں کے نقصان کا معاوضہ، بیجوں کی فراہمی، اور متاثرہ زمینوں کی بحالی کے لیے مالی مدد شامل ہے۔

ایک بیان میں سندھ کے سینئر وزیر اور صوبائی وزیر برائے اطلاعات، ٹرانسپورٹ و ماس ٹرانزٹ شرجیل انعام میمن نے کہا کہ سیلاب سے متاثرہ کسانوں کے لیے امدادی فنڈز میں اضافہ سندھ فلڈ ریہیبیلیٹیشن پروگرام کا حصہ ہے، جسے پہلے ہی دنیا کا سب سے بڑا ڈیزاسٹر ہاسنگ پروگرام قرار دیا جا چکا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ سندھ کابینہ نے سکھر اور حیدرآباد میں نئے صنعتی زونز قائم کرنے کی بھی منظوری دے دی ہے، جو پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت بنائے جائیں گے۔

حیدرآباد میں 951 ایکڑ اراضی سندھ اکنامک زونز مینجمنٹ کمپنی کو منتقل کی جائے گی، جس سے صوبے میں 55,000 سے زائد روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے اور معیشت کو نئی جہت ملے گی۔سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے مزید کہا کہ سندھ کابینہ نے کراچی واٹر اینڈ سیوریج کارپوریشن کے لیے 10.56 ارب روپے کا بغیر سود قرض بھی منظور کیا ہے، جس کے تحت ڈملوٹی سے ڈی ایچ اے تک 36 کلومیٹر طویل پائپ لائن بچھائی جائے گی۔

اس منصوبے کے ذریعے پانی کے شدید بحران پر قابو پایا جا سکے گا، کیونکہ اس وقت ڈی ایچ اے کو روزانہ 15 ایم جی ڈی پانی درکار ہے جبکہ صرف 5 ایم جی ڈی فراہم کیا جا رہا ہے۔ منصوبے میں پمپنگ اسٹیشن، فلٹریشن پلانٹ اور ریزروائر کی تعمیر بھی شامل ہے، اور اسے 11 ماہ میں مکمل کرنے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ کابینہ نے سندھ بینک کے ساتھ مفاہمتی یادداشت کی منظوری دے دی ہے تاکہ بینظیر ہاری کارڈ کو جلد از جلد فعال بنایا جا سکے۔

اس کارڈ کے ذریعے کسانوں کو زرعی لاگت پر سبسڈی، آسان قرضے اور آفات سے بچا کے لیے مالی مدد فراہم کی جائے گی۔ اب تک 2 لاکھ 37 ہزار سے زائد کسان رجسٹرڈ ہو چکے ہیں، جبکہ 88,871 درخواستوں کی تصدیق مکمل ہو چکی ہے۔شرجیل انعام میمن نے کہا کہ سندھ حکومت عوام کی فلاح و بہبود اور ترقی کے لیے عملی اقدامات اٹھا رہی ہے، اور عوامی مسائل کا حل اور شفاف گورننس حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہیں۔