قبائلی عوام کا احساس محرومی بڑھتا جا رہا ہے، ضم شدہ اضلاع کے فنڈزکی بندربانٹ افسوسناک ہیے : فیصل کریم کنڈی

بدھ 9 جولائی 2025 22:05

قبائلی عوام کا احساس محرومی بڑھتا جا رہا ہے، ضم شدہ اضلاع کے فنڈزکی ..
پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 09 جولائی2025ء) گورنر کے پی کے فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ صوبائی حکومت امن قائم کرنے میں مکمل ناکام ہوچکی ہے اور عملاً پورا صوبہ دہشت گردوں کے رحم و کرم پر چھوڑ دیا گیا ہے۔ جنوبی وزیرستان سے پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سابق رکن قومی اسمبلی نذیر خان وزیر کی قیادت میں ایک اہم قبائلی وفد نے گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی سے ملاقات کی، جس میں ضم شدہ اضلاع میں امن و امان کی خراب صورتحال، ترقیاتی فنڈز کی غیرمنصفانہ تقسیم اور وفاقی محکموں سے متعلق سنگین مسائل پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔

وفد نے گورنر کو آگاہ کیا کہ قبائلی علاقوں میں نہ صرف بدامنی بڑھ رہی ہے بلکہ عوام میں شدید مایوسی اور تشویش پائی جاتی ہے۔ امن کے قیام، ترقیاتی منصوبوں اور بنیادی سہولیات کی عدم دستیابی قبائلی عوام کے لیے تشویش کا باعث بن رہی ہے۔

(جاری ہے)

گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ صوبائی حکومت امن قائم کرنے میں مکمل ناکام ہوچکی ہے اور عملاً پورا صوبہ دہشت گردوں کے رحم و کرم پر چھوڑ دیا گیا ہے۔

انہوں نے اس بات پر افسوس کا اظہار کیا کہ وفاق سے ضم شدہ اضلاع کے لیے آنے والا ترقیاتی فنڈ من پسند علاقوں میں استعمال ہوا اور کرپشن کی نذر ہوگیا، جس سے قبائلی عوام کا احساس محرومی مزید بڑھا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان کے مؤقف کی وفاقی حکومت نے تائید کی ہے اور ضم شدہ اضلاع کے مسائل کے حل کے لیے ایک کمیٹی قائم کر دی گئی ہے، جو تمام پہلوؤں کا جائزہ لے کر مؤثر اقدامات کرے گی۔ انہوں نے وفد کو یقین دلایا کہ وفاقی محکمہ جات سے متعلق ان کے مسائل کے حل میں ہر ممکن تعاون فراہم کیا جائے گا۔ یہ ملاقات قبائلی علاقوں میں جاری بدامنی اور ترقیاتی تعطل کے تناظر میں نہایت اہمیت کی حامل رہی، جس میں قبائل کی مشکلات اور ان کے ممکنہ حل کے لیے سنجیدہ پیش رفت کی امید ظاہر کی گئی۔