وزیراعظم نے اسلام آباد میں متعدی امراض سے بچاؤ اور علاج کیلئی252 بستر کے آئسولیشن ہسپتال کا سنگِ بنیاد رکھا

وزیر اعظم کا پاک چائنا فرینڈشپ سینٹر میں قائم 50 بستر کے کورونا وائرس آئیسولیشن سنٹر کا دورہ ، بریفنگ دی گئی 40 کنال اراضی پر تعمیر ہسپتال میں لیبارٹری اور ڈائیگناسٹک سینٹر سمیت تمام سہولیات دستیاب ہوں گی، مردوں کے لئے 4 اور خواتین کے لیے 3 بلاک مختص ہوں گے،چیئرمین این ڈی ایم اے لیفٹیننٹ جنرل محمد افضل

جمعرات 26 مارچ 2020 19:34

وزیراعظم نے اسلام آباد میں متعدی امراض سے بچاؤ اور علاج کیلئی252 بستر ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 مارچ2020ء) وزیر اعظم عمران خان نے کورونا وائرس کی وباء کے پیش نظر اسلام آباد میں متعدی امراض سے بچاؤ اور علاج کے لیے 252 بستروں پر مشتمل آئسولیشن ہسپتال کا سنگِ بنیاد رکھ دیا ۔ جمعرات کو وزیر اعظم نے یہاں پاک چائنا فرینڈشپ سینٹر میں قائم کردہ 50 بستروں پر مشتمل کورونا وائرس آئیسولیشن سنٹر کے دورہ کے موقع پر متعدی امراض کے ہسپتال کا سنگِ بنیاد رکھا۔

نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم ای) کے چیئرمین لیفٹیننٹ جنرل محمد افضل نے وزیر اعظم کو منصوبے پر بریفنگ دی۔ وزیراعظم کو بتایا گیا کہ یہ ہسپتال 40 کنال اراضی پر تعمیر ہوگا، 252 بستروں پر مشتمل یہ ہسپتال فرنٹیئر ورکس آرگنائزیشن تعمیر کرے گی جبکہ اس میں لیبارٹری اور ڈائیگناسٹک سینٹر سمیت متعدی امراض سے بچاؤ، تشخیص اور علاج سمیت تمام سہولیات دستیاب ہوں گی۔

(جاری ہے)

ہسپتال میں مردوں کے لئے 4 اور خواتین کے لیے 3 بلاکس مختص ہوں گے۔ وزیراعظم نے اس منصوبے کو انتہائی اہمیت کا حامل قرار دیتے ہوئے اس کی تعریف کی۔ اس موقع پر وزیراعظم کو 50 بستروں پر مشتمل کورونا آئسولیشن سنٹر کے بارے میں بھی بریفنگ دی گئی۔ وزیراعظم نے کورونا وائرس سے بچاؤ کے لیے قائم کردہ آئسولیشن سینٹر کے مختلف حصوں کا جائزہ لیا اور ملک میں کورونا وائرس کی روک تھام کے حوالے سے آئسولیشن سینٹر کے قیام کو سراہا۔ وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا بھی اس موقع پر موجود تھے۔