پی ایس او اس مشکل وقت میں پاکستانی قوم کے ساتھ ہے، ایم ڈی پی ایس اوسیدمحمدطلحہ

جمعرات 26 مارچ 2020 20:53

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 مارچ2020ء) ملک کی سب سے بڑی آئل مارکیٹنگ کمپنی ہونے کی حیثیت سے پی ایس او اس مشکل وقت میں پاکستانی قوم کے ساتھ کھڑا ہے۔ اس حوالے سے کمپنی کی جانب سے مختلف فلاحی اداروں کے ساتھ اشتراک کیا گیا ہے جس کے ذریعہ پاکستان کے متعدد شہروں میں متاثرہ خاندانوں اور دھاڑی پیشہ افراد کو راشن بیگز، سودا اور بنیادی حفظان صحت کی ضروری مصنوعات فراہم کی گئی ہیں۔

بڑے شہروں میں کورونا وائرس سے متاثرہ مریضوں کے پیش نظر ہسپتالز کو ٹیسٹنگ کٹس اور طبی سامان مہیا کیے گئے ہیں۔ فرنٹ لائن ہیلتھ ورکرز کو بھی ماسک اور حفاظتی گاون فراہم گئے گئے ہیں جوکہ دن رات اس وبا سے نمٹنے کے لئے اپنی خدمات انجام دے رہے ہیں۔ قانون نافذ کرنے والے اداروں کے تعاون سے کراچی میں ہاتھ دھونے اور سینٹائزنگ مقامات قائم کئے گئے ہیں جبکہ پی ایس او کی جانب سے مختلف ایمبولینس سروسز کو ڈیجی کیش فیول کارڈ کے ذریعہ فیول کے لئے مدد فراہم کی جارہی ہے۔

(جاری ہے)

اس صورتحال کے حوالے سے بات کرتے ہوئے ایم ڈی / سی ای او پی ایس او سید محمد طحہ نے کہاکہ ملک کی سب سے بڑی آئل مارکیٹنگ کمپنی ہونے کی حیثیت سے پی ایس او اپنی ذمہ داریوں سے آگاہ ہے اور پاکستانی عوام کی ہر ممکن مدد کے لئے پر عزم ہے۔ تمام اسٹیک ہولڈرز بشمول کانٹریکٹرز ، سپلائرز اور ڈیلرز کو ہدایات کی گئی ہے کہ حفاظتی اقدامات کے تحت کاروائیاں یقینی بنائیں۔

ہم آزمائش کے اس وقت میں قوم کے ساتھ کھڑے ہیں اور ہم اپنے ملک کو اس صورتحال سے نکالنے کے لئے پوری کوشش کریں گے۔ انشااللہ ہم متحد اور مضبوط قوم بن کر ابھرے گے۔ کمپنی کے بورڈ آف مینجمنٹ کی جانب سے فرنٹ لائن ہیلتھ ورکرز اور وائرس سے متاثرہ افراد کے لئے مزید سہولیات اور امداد فراہم کرنے پر توثیق کی گئی ہے۔ قانون نافذ کرنے والے اداروں ، ایمبولینس اور دیگر افراد کی فیول کی ضروریات کو پورا کرنے کے لئے ملک بھر میں پی ایس او کے تمام فیول اسٹیشن کھلے ہیں۔ علاوہ ازیں ، کمپنی نے احتیاطی تدابیر پر سختی سے عمل درآمد کو یقینی بناتے ہوئے اپنے تمام ملازمین کے لئے داخلی رہنمائی خطوط جاری کردئیے ہیں۔پی ایس او پاکستان کو اس بحران سے نکالنے میں ہر ممکن مدد کرے گا۔