اندرون آزادکشمیر اورباہر سے آنے والی اشیاء خوردو نوش کی کسی بھی گاڑی کو نہ روکا جائے، راجہ فاروق حیدر

جمعہ 27 مارچ 2020 23:02

مظفرآباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 مارچ2020ء) وزیر اعظم آزادجموں وکشمیر راجہ محمد فاروق حیدر نے کہا کہ اندرون آزادکشمیر اورباہر سے آنے والی اشیاء خوردو نوش کی کسی بھی گاڑی کو نہ روکا جائے۔ کرونا وائرس کیخلاف فرنٹ لائن پر اپنی زندگیاں داؤ پر لگا کر انسانیت کے لیے کام کرنے والے ڈاکٹر ز کوسلام پیش کرتا ہوں۔ گلگت میں مریضوں کی دیکھ بحال کرتے ہوئے اپنی جان قربان کرنے والے ڈاکٹر اسامہ کے لیے آزادکشمیر کے سب سے بڑے سرکاری اعزاز کا اعلان کرتا ہوں۔

وزیر اعظم آزادکشمیر نے کہا کہ آزادکشمیر بھر کے محکمہ صحت کے ڈاکٹر ز اور پیرا میڈیکل سٹاف گریڈ 1سے لے کر 20 تک کیلئے بنیادی تنخواہ کے مساوی بونس کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ حکومت ان کی حفاظت یقینی بنائے گی اور ان کو حفاظتی ساز و سامان ہر صورت مہیا کیا جائے گا۔

(جاری ہے)

وزیر اعظم آزادکشمیر نے کہا کہ تمام کمشنر ز صاحبان اپنے اپنے ڈویژن میں اشیاء خورد ونوش کی قیمتوں پر کڑی نظر رکھیں اور باہر سے آنے والے سامان کی ترسیل یقینی بنانے کے لیے متعلقہ کمشنر ز سے رابطہ میں رہیں۔

وزیر اعظم آزادکشمیر نے کہا کہ مظفرآباد میں کرونا ٹیسٹنگ لیب فنکشل ہو چکی ہے۔میرپور لیبارٹری کو اپ گریڈ کیا جا رہا ہے۔ راولاکوٹ میں کرونا ٹیسٹنگ لیب بنانے کے لیے این ڈی ایم اے کو تحریک کردی گئی ہے۔ وزیر اعظم آزادکشمیر وزیر اعظم سیکرٹریٹ میں اعلی سطحی اجلاس سے خطاب کر رہے تھے، جس میں چیف سیکرٹری آزادکشمیر مطہرنیاز رانا، سیکرٹری صحت میجر جنرل طاہر سردار سمیت اعلیٰ حکام موجود تھے ۔

متعلقہ عنوان :