پاکستان تحریک انصاف شمالی پنجاب کے صدر صداقت علی عباسی کا ایم ڈی یوٹیلٹی سٹورز کارپوریشن عمر لودھی سے ٹیلیفونک رابطہ

مری، کوٹلی ستیاں، کہوٹہ، کلرسیداں اور ساگری سرکل کے علاقوں میں اشیاء خوردونوش کی قلت کی شکایت

جمعہ 27 مارچ 2020 21:30

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 مارچ2020ء) پاکستان تحریک انصاف شمالی پنجاب کے صدر صداقت علی عباسی نے جمعہ کو ایم ڈی یوٹیلٹی سٹورز کارپوریشن عمر لودھی سے ٹیلیفونک رابطہ کیا اور مری، کوٹلی ستیاں، کہوٹہ، کلرسیداں اور ساگری سرکل کے علاقوں میں اشیاء خوردونوش کی قلت کی شکایت کی۔

(جاری ہے)

کورونا وائرس کی وجہ سے حلقہ کے اکثر لوگ اپنے آبائی دیہاتوں میں چلے گئے جس کی وجہ سے اشیاء خوردونوش کی دستیابی میں مشکلات پیش آ رہی ہیں، آٹے کے علاوہ دیگر جو دستیاب ہیں وہ بھی مہنگے داموں دی جا رہی ہیں جس پر ایم ڈی یوٹیلٹی سٹورز نے ایم این اے صداقت علی عباسی کو یقین دہانی کرائی کہ (آج) ہفتہ سے حلقہ این اے 57 کے تمام علاقوں میں اشیاء خوردونوش کی سپلائی دوگنی کر دیں گے اور جہاں جہاں سپلائی چین میں مسائل ہو رہے وہ حل کرکے کل سے آٹے اور دیگر اشیاء خوردونوش کی قلت پر قابو پا لیا جائے گا۔

اس موقع پر زونل منیجر یوٹیلٹی سٹورز سے این اے 57 کی تمام تحصیلوں کے فوکل پرسنز کا رابطہ کرایا تاکہ حلقہ بھر میں جہاں اشیاء خوردونوش کی قلت ہے ان کو زونل منیجر کے ذریعے پورا کیا جائے اور جہاں جہاں یوٹیلٹی سٹورز اور فرنچائز فیئر پرائس پر آٹے کی دستیابی اور مناسب قیمت یقینی بنائی جائے۔