پنجاب میں کرونا وائرس کیسز کی تعداد سندھ سے زیادہ ہوگئی

ملک کے سب سے بڑے صوبے میں وائرس سے متاثر مریضوں کی تعداد 448 ہوگئی، 4 جاں بحق ہوئے، سندھ میں اب تک 440 کیسز سامنے آئے

muhammad ali محمد علی جمعہ 27 مارچ 2020 22:10

پنجاب میں کرونا وائرس کیسز کی تعداد سندھ سے زیادہ ہوگئی
لاہور (اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔27 مارچ 2020ء) پنجاب میں کرونا وائرس کیسز کی تعداد سندھ سے زیادہ ہوگئی، ملک کے سب سے بڑے صوبے میں وائرس سے متاثر مریضوں کی تعداد 448 ہوگئی، 4 جاں بحق ہوئے، سندھ میں اب تک 440 کیسز سامنے آئے۔ تفصیلات کے مطابق بتایا گیا ہے کہ صوبہ پنجاب اب کرونا وائرس سے سب سے زیادہ متاثرہ ملکی صوبہ بن گیا ہے۔ تازہ ترین اعداد و شمار کے مطابق پنجاب میں رپورٹ ہونے والے کرونا کیسز کی کل تعداد 448 ہوگئی ہے۔

جبکہ پنجاب میں جاں بحق ہونے والے افراد کی تعداد بھی 4 ہوگئی ہے۔ نیشنل کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر کے تازہ اعدادوشمار کے مطابق ملک میں کرونا وائرس سے اب تک 10 اموات ہوئیں۔ کرونا وائرس سے متاثرہ 7 افراد کی حالت تشویشناک ہے۔ اسی طرح کرونا وائرس سے متاثرہ 23 افراد صحت یاب ہوچکے ہیں۔

(جاری ہے)

کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر کا کہنا ہے کہ ملک بھر میں 24 گھنٹوں کے دوران کرونا کے مزید کیسز سامنے آئے۔

جس کے ساتھ ملک بھر میں کرونا کے مریضوں کی کل تعداد 1298 ہوگئی۔ ان میں سندھ میں کرونا کے مریضوں کی تعداد 440، پنجاب میں 448 ہے، خیبرپختونخوا میں کرونا مریضوں کی تعداد 147، اور بلوچستان میں تعداد 131 ہے۔ گلگت بلتستان91، اسلام آباد میں 27 ، آزاد کشمیر میں 2 مریض ہیں۔ دوسری جانب یو این ایچ سی آر نے کرونا وباء پر قابو پانے کیلئے پاکستان کے ساتھ تعاون کی غرض سے کوششوں کا آغاز کر دیا۔

ترجمان یو این ایچ سی آر کے مطابق یو این ایجنسی نے نوشتہ کے ویئر ہاؤس سے چار ٹرکوں پر مشتمل ریلیف اشیاء بلوچستان روانہ کر دیئے جبکہ مزید ٹرک اگلے ہفتے روانہ کر دیئے جائیں گے۔ ترجمان نے کہا کہ عالمی ادارہ برائے مہاجرین بلوچستان، خیبرپختونخوا اور پنجاب میں مہاجرین اور مقامی لوگوں کو صحت سہولتوں کی فراہمی میں بھرپور تعاون کرے گا۔

پاکستان میں تعینات یو این ایچ سی آر کے ڈپٹی نمائندہ آئن ہال نے کہا ہے کہ یو این ایچ سی آر کوڈ 19 وبا پر قابو پانے میں حکومت پاکستان کے ساتھ تعاون کیلئے پرعزم ہے۔ انہوں نے کہا کہ وائرس کے پھیلاؤ اور اثرات کو کم سے کم کرنا ہماری اولین ترجیح ہے۔ اسی طرح معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا نے کہا کہ کرونا وائرس سے بچاؤ کے لئے تیزی سے بھرپور اقدامات کر رہے ہیں۔ چین سے 8 ڈاکٹروں پر مشتمل ٹیم کل پاکستان پہنچے گی۔ انہوں نے کہا کہ یہ ٹیم کرونا وائرس کے سلسلے میں پاکستان کے اقدامات کا جائزہ لے گی۔ انہوں نے کہا کہ چینی ڈاکٹرز کے تجربات سے بھرپور استفادہ حاصل کیا جائے گا۔