سعودی عرب سے واپس آنے والے ہزاروں افراد کا تاحال سراغ نہ مل سکا

تلاش کیے گئے ہزاروں افراد میں سے 43 میں کرونا وائرس کی علامات پائی گئیں، 2 ہزار 887 افراد کے بارے میں کوئی سراغ نہ مل سکا

Muqadas Farooq Awan مقدس فاروق اعوان ہفتہ 28 مارچ 2020 15:31

سعودی عرب سے واپس آنے والے ہزاروں افراد کا تاحال سراغ نہ مل سکا
اسلام آباد (اردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین28 مارچ 2020ء ) سعودی عرب سے واپس آنے والے ہزاروں افراد کا تاحال سراغ نہ مل سکا۔بتایا گیا ہے کہ سعودی عرب سے واپس آنے والے 2 ہزار 887 افراد کے بارے میں کوئی سراغ نہیں مل سکا۔دستاویزات کے مطابق غلط ایڈریس اور موبائل نمبر بند ہونے کے باعث 2 ہزار 887 افراد کو تلاش نہیں کیا جا سکا جبکہ واپس آنے والے 2 ہزار 295 افراد کا سراغ لگا لیا گیا ہے۔

گزشتہ چند ہفتوں کے دوران سعودی عرب سے 5 ہزار 182 افراد واپس آئے تھے جن میں سے تلاش کیے گئے افراد میں سے 43 میں کرونا وائرس کی علامات پائی گئیں۔دستاویزات کے مطابق تلاش کیے گئے افراد کی سکریننگ کا عمل جاری ہے۔وزیراعلی خیبرپختونخوا محمود خان نے حال ہی میں بیرون ملک سے لوٹنے والے پاکستانیوں کو ہدایت جاری کی ہے کہ وہ پاکستانی صوبائی حکومت کو مطلع کریں۔

(جاری ہے)

اطلاع ہیلپ لائن 1700 یا ٹول فری نمبر 080001700 پر دی جا سکتی ہے۔خیال رہے کہ ملک بھر میں کورونا وائرس کے تصدیق شدہ مریضوں کی تعداد 1408 تک جاپہنچی ہے ، وائرس سے اب تک 11 افراد جاں بحق ہوچکے ہیں۔حکومتی اعداد و شمار کے مطابق ملک بھر میں کورونا وائرس کے تصدیق شدہ مریضوں کی تعداد 1408 ہوگئی ہے، سندھ میں کورونا کے 457 ، پنجاب میں 490، بلوچستان میں 133، خیبر پختونخوا میں 180، گلگت بلتستان میں 107، اسلام آباد میں 39 اور آزاد کشمیر میں 2 مریض ہیں۔

گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس سے متاثرہ 2 مریض زندگی کی بازی ہار گئے جس کے بعد ملک بھر میں اس وائرس سے جاں بحق افراد کی تعداد 11 ہوگئی ہے ، سات افراد کی حالت تشویشناک ہے اور 23 صحتیاب ہوچکے ہیں۔نئے اعداد و شمار کے مطابق پنجاب بھر میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد سندھ سے بھی تجاوز کرکے 490 تک جا پہنچی ہے ،سندھ میں مریضوں کی تعداد 457 ہے، نئے کیسز سامنے آنے کے بعد پنجاب کورونا وائرس سے سب سے زیادہ متاثرہ صوبہ بن گیا ہے۔