پاکستا ن میں کورونا وائرس کے 200 شدید متاثرہ افراد کا علاج صحت یاب افراد کے پلازمہ سے ہو گا

صحت یاب افراد کا بلڈ پلازما متاثرین میں منتقل کرنے سے بلڈ پلازما میں موجود متعلقہ اینٹی باڈیز، متاثرہ شخص میں وقتی طور پر اس وبا کیخلاف مدافعت پیدا کرتے ہیں

Khurram Aniq خُرم انیق پیر 30 مارچ 2020 10:34

پاکستا ن میں کورونا وائرس کے 200 شدید متاثرہ افراد کا علاج صحت یاب افراد ..
اسلام آباد(اردوپوائنٹ تازہ ترین اخبار-30مارچ2020ء) پاکستان میں کورونا وارئرس کے 200 شدید متاثرہ افراد کا علاج صحت یاب ہونے والے افراد کے پلازمہ سے کیا جائے گا۔ تفصیلات کے مطابق صحت یاب ہونےوالے افراد کا بلڈ پلازمہ متاثرین میں منتقل کیا جائے گا. صحت یاب افراد کا بلڈ پلازما متاثرین میں منتقل کرنے سے بلڈ پلازما میں موجود متعلقہ اینٹی باڈیز، متاثرہ شخص میں وقتی طور پر اس وبا کیخلاف مدافعت پیدا کرتے ہیں۔

اس عمل کو پیسو امیونائزیشن یعنی غیر عامل امنیت کاری کہا جاتا ہے۔ پاکستان سے پہلے چین اور امریکہ اس طریقے کو استعمال کر چکے ہیں جس کے بعد ماہرین کی جانب سے بتایا گیا تھا کہ صحت یاب افراد کا پلازما لگانے سے لوگ صحت یاب ہوئے تھے جو کہ ایک خوش آئند بات ہے۔

(جاری ہے)

اس حوالے سے وبائی وزیرِ صحت پنجاب ڈاکٹر یاسمین راشد نے بلڈ اسپیشلسٹ اور نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف بلڈ ڈزیز اینڈ بون میرو ٹرانس پلانٹیشن کے سربراہ، ڈاکٹر طاہر شمسی سے رابطہ کرکے تمام تفصیلات اکٹھا کرلی تھیں اور اب اس پر کام شروع کر دیا گیا ہے جس کے بعد حکام کا کہنا ہےکہ سب سے پہلے ایسے 200 افراد کا علاج کیا جائے گا جن کی حالت بہت زیادہ تشویشناک ہے۔

یاد رہے کہ پوری دنیا میں تباہی مچانے والے کورونا وائرس نے اس وقت پاکستان میں اپنی تباہی کا سلسلہ شرو ع کیا ہوا ہے جس کے بعد ابھی تک ملک بھر میں 1600 افراد اس سے متاثر ہو گئے ہیں جبکہ 17 افراد اس کی وجہ سے ہلاک ہو گئے ہیں۔حکومت کی جانب سے پھیلتے ہوئے کورونا وائر س کو روکنے کی ہر ممکن کوشش کی جا رہی ہے ۔ اسی وجہ سے ملک کے چاروں صوبوں میں مکمل لاک ڈاؤن کر دیا گیا تھا اور فوج کو طلب کر لیا گیا تھا تا کہ لوگوں کو گھروں سے نکلنے سے روکا جا سکے کیونکہ اس کا یہی حل ہے کہ لوگ ایک دوسرے سے نہ ملیں۔

چونکہ مریضوں کی تعداد بہت زیادہ بڑھتی جا رہی ہے ، اس لئے اب پاکستان حکومت نےبھی فیصلہ کیا ہے کہ وہ بھی چین اور امریکہ کے بتائے ہوئے طریقے پر عمل کر تے ہوئے صحت مند افراد کے پلازمہ سے متاثرہ افراد کا علاج کریں گے۔