پنجاب کابینہ نے لاک ڈاﺅن سے متاثرہ غریبوں کے لیے امدادی پیکیج کا اعلان کردیا

لاک ڈاﺅن کے دوران گرفتار ہونے والے افراد کورہا کرنے کا حکم

Mian Nadeem میاں محمد ندیم منگل 31 مارچ 2020 16:39

پنجاب کابینہ نے لاک ڈاﺅن سے متاثرہ غریبوں کے لیے امدادی پیکیج کا اعلان ..
لاہور(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔31 مارچ۔2020ء) وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے کورونا وائرس کے پیش نظر صوبے میں لگائے گئے لاک ڈاﺅن سے متاثر ہونے والے غریب اور روزانہ اجرت کمانے والے طبقے کے لیے صحت انصاف امداد پیکج کا اعلان کردیا ہے. صوبائی کابینہ کے اجلاس کے بعد لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ پنجاب نے کہا کہ ’پیکج میں 10 ارب روپے مختص کیے گئے ہیں جس کے تحت 25 لاکھ خاندانوں کی مدد کریں گے اور 4 ہزار فی خاندان فراہم کریں گے.

(جاری ہے)

انہوں نے بتایا کہ اس کے لیے عوام گھر سے ایک میسج کریں گے اور ان سے ان کا نام اور شناختی کارڈ نمبر لیا جائے گا جس کے بعد ان کی تصدیق کی جائے گی اور رقم منتقل کردی جائے گی‘انہوں نے کہا کہ پنجاب میں لاک ڈاﺅن کے دوران گرفتار ہونے والے افراد کو جذبہ خیر سگالی کے تحت رہا کرنے کا حکم دے دیا ہے اور عوام سے گزارش ہے کہ وہ گھروں میں ہی رہیں.انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت کی ہدایات کے مطابق پنجاب کی سیمنٹ فیکٹریوں پر سے پابندی کو ختم کیا جارہا ہے‘ قانون نافذ کرنے والے اداروں پر جو دباو تھا اسے کم کرنے کے لیے 10 ہزار خالی اسامیوں کو پر کرنے کی اجازت دے دی ہے اور 500 گاڑیوں کی سمری کو بھی منظور کرلیا گیا ہے.انہوں نے بتایا کہ لاہور میں ایکسپو سینٹر میں ایک ہزار بستروں پر مشتمل ہسپتال بنایا گیا ہے جو آئندہ روز سے آپریشنل ہوجائے گا انہوں نے کہا کہ کابینہ نے محکمہ صحت کو ٹیسٹنگ کی صلاحیت بڑھانے کی ہدایت دی ہیں اور اس کے لیے انہیں تمام وسائل دیں گے انہوں نے کہا کہ ہر ہسپتال میں حفاظتی کٹ کی ضرورت پوری کریں گے اور ایک کنٹرول روم بنائیں گے تاکہ کہیں پر کسی چیز کی مشکلات نہ آئیں.انہوں نے بتایا کہ مستحقین سے بھرپور تعاون کررہے ہیں اور اس ضمن میں 25 لاکھ خاندانوں کےلیے10 ارب روپے مختص کیے ہیں، ہر خاندان کو 4 ہزار روپے فراہم کیے جائیں گے وزیراعلی پنجاب نے کہا ہے کہ صوبے میں مساجد اور بازاروں میں جراثیم کش اسپرے کی ہدایت کی ہے.عثمان بزدار نے کہا کہ محکمہ صحت کو14ارب روپے جاری کیے ہیں جبکہ محکمہ پولیس کو 10ہزار بھرتیوں کی اجازت دی ہے، پولیس کو 25 کروڑ روپے آپریشنل ضروریات کےلیے جاری کیے ہیں انہوں نے کہا کہ چین سے آنے والے طبی ماہرین سے استفادہ کریں گے، محکمہ صحت کو ٹیسٹنگ کی صلاحیت بڑھانے کی ہدایت کی ہے.انہوں نے کہا کہ ہیلتھ پروفیشنلز کو حفاظتی سامان مہیا کریں گے،انتظامی اور طبی لحاظ سے صورتحال کنٹرول ہے، 8 ڈویژنل لیبارٹریزکے قیام کےلیے 62 کروڑ روپے جاری کیے ہیں.وزیراعلی پنجاب نے بتایا کہ مستحقین کو آن لائن 4ہزار روپے مہیا کریں گے، آن لائن ریلیف پیکج کرپشن سے پاک ہو گا،سب سے پہلے پنجاب حکومت نے ڈاکٹرشمسی سے رابطہ کیا انہوں نے کہاکہ کوشش ہے کورونا وائرس کی دوا اور ویکسین بنانے کا سہرا پاکستان کوملے، تبلیغی جماعت کے ساتھ مس ہینڈلنگ کے واقعے کی تحقیقات کریں گے.