مدارس کے طلباء عوام کی مدد کے لئے خود کو کورونا ٹائیگر ریلیف فورس میں رجسٹرڈ کرائیں ، علماء کرام

منگل 31 مارچ 2020 23:05

کراچی۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 31 مارچ2020ء) مشکل کی اس گھڑی میں مدارس کے طلباء کورونا ٹائیگر ریلیف فورس میں خود کو رجسٹرڈ کروائیں ،ذخیرہ اندازوں کیخلاف حکومت کو سخت موقف اختیار کرنا چاہئے تاکہ ذخیرہ اندوزی ختم ہو اور ہرکسی کو اشیائے ضرور یہ مل سکیں، لوگوں کو اشیائے ضرویہ گھروں پر پہنچائے بغیر کرفیوں کا نفاذ کامیاب نہیں ہوسکتا ۔

ان خیالات کا اظہار وزیراعظم عمران خان کا قوم سے خطاب میں کورونا ٹائیگر ریلیف فورس کے قیام اور ذخیرہ اندوزی کیخلاف سخت کاروائی کے حوالے سے مہتمم جامعہ بنوریہ مفتی محمد نعیم اور سربراہ متحدہ علماء فورم پاکستان اور سابق مشیر وزیراعلی سندھ برائے مذہبی امور مفتی فیروزالدین ہزاروئی نے "اے پی پی"سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

مفتی محمد نعیم نے کہا کہ ذخیرہ اندازوں کیخلاف حکومت کو سخت موقف اختیار کرنا چاہئے تاکہ ذخیرہ اندوزی ختم ہو اور ہرکسی کو اشیائے ضروریہ مل سکیں ۔

انہوں نے مزید کہا کہ ذخیرہ اندوزی کے حوالے سے نبی کریمﷺ نے فرمایا ہے کہ جو آدمی ذخیرہ اندوزی کرتا ہے اس پر اللہ کی لعنت ہے اور بعض روایتوں میں آتا ہے کہ انہوں نے فرمایا کہ ذخیرہ اندوز ہم میں سے نہیں ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ذخیرہ اندوزی بڑا گناہ اور حرام عمل ہے کیونکہ ذخیرہ اندوزی دوسرے لوگوں کے لئے تکلیف کاباعث بنتی ہے ،نہ دنیاوی اور نہ ہی شرعی اعتبار سے ذخیرہ اندوزی کی اجازت ہے ۔

مفتی محمد نعیم نے مزید کہا کہ طلبا ء کی مدارس سے چھٹیاں ہیں اور ان کو پہلے سے ہم نے ہدایت کی ہے کہ وہ مشکل کی اس گھڑی میں اپنے آس پاس عوام کی خدمت کریں ،وزیراعظم عمران خان کی طرف سے اعلان کردہ کورونا ٹائیگر ریلیف فورس میں شامل ہونے کے لئے طلباء کو ہماری طرف سے مکمل اجازت ہے۔ مفتی محمد نعیم نے وزیراعظم کے موقف کی حمایت کرتے ہوئے کہا کہ کرفیو نافذ کرکے اس صورتحال میں کامیاب ہونا ناممکن سا عمل ہے کیونکہ کرفیوں 24 گھنٹوں کے لئے تو نہیں ہوگا دوچار گھنٹوں کے لئے کرفیو اٹھائے جائے گا اور اس دوران جو لاکھوں لوگ باہر نکلیں گے تو کیا اس سے کورونا وائرس نہیں پھیلے گا۔

انہوں نے کہا کہ کرفیو تب کامیاب ہوسکتا ہے کہ لوگوں کو گھروں پر کھانا پہنچایا جاسکے اور یہ ہمارے لئے ممکن نہیں ہے ۔ سربراہ متحدہ علماء فورم پاکستان اور سابق مشیر وزیراعلی سندھ برائے مذہبی امور مفتی فیروزالدین ہزاروئی نے کہا کہ یہ سیاست کرنے کا وقت نہیں ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت سیاست سے بالاتر ہوکر انسانیت کی خدمت کرنی چاہئے ۔

انہوں نے کہا کہ مساجد کے آئمہ اور مساجد کی کمیٹیوں کے اراکین کو بھی چاہئے کہ وہ اپنے آپ کو کورونا ٹائیگر ریلیف فورس میں رجسٹرڈ کرائیں کیونکہ وہ اپنے محلے کے سطح پر لوگوں کو جانتے ہیں اور ان کو معلوم ہوتا ہے کہ سب سے زیادہ ضرورت مند کون ہے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ راشن اور دیگر امدادی آشیاء کو غریبوں تک پہنچانے کے لئے بلدیاتی نمائندے بھی اہم کردار ادا کرسکتے ہیں اس لئے ان کی خدمات سے بھی استفادہ حاصل کرنا چاہئے۔