پاکستان میں کورونا سے 26 ہلاکتیں، کیسز کی مجموعی تعداد 2049 ہوگئی

آزاد کشمیر میں کورونا وائرس کے مزید 3 کیسز سامنے آئے ہیں جس بعد کیسز کی مجموعی تعداد 9 ہوگئی سندھ میں کورونا سے مزید 3 مریض صحت یاب ہوگئے ہیں ،صوبے میں صحت یاب ہونے والوں کی تعداد 54 ہوگئی ، مرتضیٰ وہاب

بدھ 1 اپریل 2020 15:33

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 01 اپریل2020ء) پاکستان بھر میں کورونا وائرس سے 26 افراد کی ہلاکت چکی ہے ،مزید کیس سامنے آنے کے بعد متاثرہ افراد کی تعداد 2049 تک جا پہنچی ہے۔تفصیلات کے مطابق پاکستان میں بدھ کو اب تک کورونا وائرس کے 16 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں جو سندھ، بلوچستان اور گلگت بلتستان سے رپورٹ ہوئے ہیں۔سندھ میں کورونا وائرس کے مزید 3 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں تاہم محکمہ صحت کی سمری میں ان کیسز کی نشاندہی نہیں کی گئی اور مجموعی نمبر 676 سے 679 بتایا گیا ہے جبکہ صوبے میں اب تک ہلاکتوں کی تعداد 8 ہے۔

صوبائی محکمہ صحت کی سمری کے مطابق صوبے میں کیسز کی مجموعی تعداد 679 ہوگئی ہے جن میں سے کراچی سے کوئی نیا کیس سامنے نہیں آیا۔محکمہ صحت کے مطابق کراچی میں کیسز کی تعداد 274 اور حیدرآباد میں 131 ہے جب کہ دادو اور جیکب آباد میں ایک ایک کیس ہے اس کے علاوہ سکھر میں کورونا میں مبتلا زائرین کی تعداد 265 اور لاڑکانہ میں 7 ہے۔

(جاری ہے)

ترجمان سندھ حکومت مرتضیٰ وہاب نے بتایا کہ سندھ میں کورونا سے مزید 3 مریض صحت یاب ہوگئے ہیں جس کے بعد صوبے میں اب تک صحت یاب ہونے والوں کی تعداد 54 ہوگئی ہے تاہم مرتضیٰ وہاب کی جانب سے یہ نشاندہی نہیں کی گئی کہ مزید 3 صحت یاب افراد کا تعلق کس شہر سے ہے۔

بلوچستان میں بدھ کورونا وائرس کے مزید 4 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں جس کی تصدیق صوبائی ترجمان لیاقت شاہوانی نے کی۔بلوچستان حکومت کے ترجمان لیاقت شاہوانی نے بتایا کہ صوبے میں ایک روز میں مزید 17 افراد صحت یاب ہوئے ہیں جس کے بعد مجموعی طور پر صوبے میں صحت یاب ہونے والوں کی تعداد 19 ہوگئی ہے۔گلگت بلتستان میں بدھ کورونا وائرس کے مزید 6 کیسز سامنے آئے ہیں جو سرکاری پورٹل پر رپورٹ کیے گئے ہیں۔

سرکاری پورٹل کے مطابق علاقے میں کیسز کی مجموعی تعداد 184 ہوگئی ہے۔دوسری جانب مشیر اطلاعات گلگت بلتستان کا کہناہے کہ علاقے میں 36 نئے کیسز سامنے آنے کے بعد کیسز کی مجموعی تعداد 183 ہے۔مشیر اطلاعات نے بتایا کہ نگر میں 16،کھرمنگ 10،اسکردو 6 اور شگر میں 4 نئے کیسز سامنے آئے ہیں،اس طرح مشیر اطلاعات اور سرکاری پورٹل کے کیسز میں ایک نمبر کا فرق ہے۔

مشیر اطلاعات نے بتایا کہ گلگت میں کورونا وائرس کے متاثرہ مریضوں میں 84 خواتین شامل ہیں جب کہ 67 کیسز کے ساتھ ضلع نگر سب سے زیادہ متاثر ہوا ہے۔گلگت بلتستان میں اب تک کورونا وائرس سے 2 افراد جاں بحق ہوچکے ہیں جن میں سے ایک وائرس کی تشخیص کرنے والے ڈاکٹر اسامہ ہیں جب کہ ایک کا تعلق محکمہ صحت سے تھا۔گلگت بلتستان میں اب تک کورونا وائرس سے 6 مریض صحت یاب ہوچکے ہیں۔

آزاد کشمیر میں کورونا وائرس کے مزید 3 کیسز سامنے آئے ہیں جس بعد کیسز کی مجموعی تعداد 9 ہوگئی۔آزاد کشمیر کیوزیر صحت نے کیسز کی تصدیق کی جب کہ ڈپٹی کمشنر سردار خالد محمود نے بتایا کہ کورونا کے 2 مریضوں کا تعلق بھمبر سے ہے جن میں سے ایک 12 سال کی بچی اور ایک برطانیہ سے آنے والا شہری وائرس میں مبتلا ہے۔ڈپٹی کمشنر کے مطابق تراڑ کھل سندھوتی میں بھی ایک شخص میں کوروناکا ٹیسٹ مثبت آیاہے۔

ادھر پنجاب میں اب تک کورونا سے 9 ہلاکتیں ہوئی ہیں جن میں سے لاہور میں 4، راولپنڈی 3 جب کہ رحیم یار خان اور فیصل آباد میں ایک ایک ہلاکت ہوئی ہے۔گزشتہ روز منگل کو خیبرپختونخوا میں کورونا وائرس سے ایک ہلاکت رپورٹ ہوئی جس کے بعد صوبے میں ہلاکتوں کی تعداد 6 ہوگئی ہے۔صوبائی حکومت کے فوکل پرسن نے صوبے میں اموات کی تعداد 6 ہونے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ ایک ہفتے قبل انتقال کر جانے والے شخص کی رپورٹ گزشتہ روز موصول ہوئی جس میں کورونا کی تصدیق ہوئی۔

دوسری جانب گزشتہ روز صوبے میں 32 نئے کیسز رپورٹ ہوئے جس کے بعد متاثرہ مریضوں کی تعداد 253 تک جاپہنچی ۔محکمہ صحت کے ترجمان کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران پشاور اور کوہاٹ میں 10، 10، ڈیرہ اسماعیل خان میں 3، مردان، کرم، ہری پور اور باجوڑ میں ایک ایک مریض میں مہلک وائرس کی تصدیق ہوئی۔اس کے علاوہ ایران سے واپس ڈی آئی خان آنے والے زائرین میں مزید 4 اور کرم میں ایک شخص میں مہلک وائرس کی تصدیق ہوئی۔واضح رہے کہ کے پی میں اب تک مہلک وائرس کے 2 مریض صحت یاب ہوئے جنہیں ہسپتال سے فارغ کر دیا گیا۔سرکاری پورٹل کے مطابق اسلام آباد میں منگل کو کورونا وائرس کے 7 کیسز رپورٹ ہوئے جس کے بعد وفاقی دارالحکومت میں مجموعی تعداد 58 ہوگئی ہے۔