کورونا وائرس کے بڑھتے ہوئے بحران کا مقابلہ کرنے اور اپنے لوگوں کو اس منڈلاتی ہوئی بربادی سے بچانے کیلئے شہید ذوالفقار علی بھٹو کے وژن کی پیروی کرنے کی ضرورت ہے، بلاول بھٹو زرداری

جمعہ 3 اپریل 2020 17:04

کورونا وائرس کے بڑھتے ہوئے بحران کا مقابلہ کرنے اور اپنے لوگوں کو اس ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 03 اپریل2020ء) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے زور دیا ہے کہ قوم کو کورونا وائرس کے بڑھتے ہوئے بحران کا مقابلہ کرنے اور اپنے لوگوں کو اس منڈلاتی ہوئی بربادی سے بچانے کیلئے شہید ذوالفقار علی بھٹو کے وژن کی پیروی کرنے کی ضرورت ہے۔ شہید ذوالفقار علی بھٹو کے 41ویں یوم شہادت کے موقع پر جاری اپنے پیغام میں بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ حقیقی رہنما قوموں کی تقدیر بدل دیتے ہیں اور وہ بحرانوں کے دوران بڑے عزم اور وژن کے ساتھ رہنمائی کرتے ہیں۔

پی پی پی چیئرمین نے کہا کہ سقوط ڈھاکہ کے بعد پاکستان کی ہزاروں میل زمین دشمن کے قبضہ میں چلی گئی تھی اور ہمارے 90 ہزار فوجی جنگی قیدی بن چکے تھے۔ شہید ذوالفقار علی بھٹو نے نہ صرف ہماری سرزمین اور سپاہی واپس لئے بلکہ ہمارے جوہری پروگرام کی بنیاد رکھ کر اس بات کو یقینی بنایا کہ پھر کبھی ہماری خود مختاری اڑوس پڑوس کے رحم و کرم پر نہ ہو۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ آدھے سے زیادہ ملک گنوانے کے نتیجہ میں ہونے والی معاشی تباہی سے نمٹنے کیلئے پاکستان سٹیل ملز، پورٹ قاسم، ہیوی میکینیکل کمپلیکس، پاکستان مشین ٹول فیکٹری وغیرہ جیسے بڑے معاشی و صنعتی منصوبے تشکیل دیئے گئے۔ بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ اِس کڑے وقت میں پاکستان کے عوام ایک نئے ذوالفقار علی بھٹو کی تلاش میں ہیں جو ہمیں آپسی اختلافات کے باوجود متحرک کرے اور ایک ایسا لیڈر جو ہمیں اس وباء سے نکالنے کیلئے روشنی کا مینار بن کر قیادت کرے۔

پی پی چیئرمین نے کہا کہ پاکستانی عوام شہید ذوالفقار علی بھٹو کی قربانی کو کبھی فراموش نہیں کریں گے جو انہوں نے اس عظیم قوم کیلئے دی تھی۔ بلاول بھٹو زرداری نے مزید کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی اور وہ تمام لوگ جو شہید ذوالفقارعلی بھٹو کے مساوات، یکساں مواقع اور قربانی کے پیغام پر یقین رکھتے ہیں، وہ کسی قسم کے بھی بحران میں پاکستانی عوام کو تنہا نہیں چھوڑ سکتے۔ پی پی پی چیئرمین نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ وہ اپنے اجداد کی میراث کو جاری رکھیں گے اور ہر قیمت پر اپنے عوام اور ان کے مفادات کا تحفظ کریں گے۔