صوابی ،مکان کی دیوار گر جانے سے کھیلتے ہوئے تین کمسن افغان مہاجربچے جاں بحق

پیر 6 اپریل 2020 22:50

صوابی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 06 اپریل2020ء) صوابی کی یونین کونسل مانیری بالا کے گائوں نظری ڈھیری میں مکان کی دیوار گر جانے سے کھیلتے ہوئے تین کمسن افغان مہاجربچے جاں بحق جب کہ افغان پڑوسی خاتون شدید زخمی ہو گئی۔ ایس ایچ او تھانہ صوابی محمد فاروق خان کو اطلاع ملتے ہی پولیس پارٹی کے ہمراہ جائے حادثہ پر پہنچے علاقہ کے لوگوں اور پولیس نے ملبے کو ہٹا کر جاں بحق ہونے والے بچوں اور زخمی خاتون کو نکال کر ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال صوابی کو فوری طور پر منتقل کر دیا۔

پولیس تھانہ صوابی کی رپورٹ کے مطابق نظری بانڈہ میں ایک گھر میں رہائش پذیر افغان مہاجر زردان ولد جمعہ گل سکنہ افغانستان کے تین بچے گھرکے چار دیواری کے سائے پیر کی شام کھیل رہے تھے کہ اس دوران حالیہ بارشوں سے بوسیدہ ہونے والی دیوار ان پر اگرا جس کے ملبے تلے دب جانے سے تین افغان کمسن بھائی پانچ سالہ عثمان عمیر، چار سالہ حنیف اللہ اور تین سالہ محمد پسران زردران افغان مہاجر جاں بحق جب کہ پڑوس میں رہنے والی ایک افغان مہاجر خاتون شدید زخمی ہو گئی۔

(جاری ہے)

جنہیں فوری طور پر پوسٹ مارٹم اور طبی امداد کے لئے ڈی ایچ کیو صوابی منتقل کر دیا گیا۔ اس المناک حادثے پر علاقے کے لوگوں نے گہرے رنج و غم کااظہار کیااور حکومت سے متاثرہ خاندان کے لئے فوری طور پر مالی امداد کا مطالبہ کیا۔