روسی جیولر نے خالص چاندی سے بنا کورونا کی شکل کا لاکٹ پیش کر دیا

Ameen Akbar امین اکبر پیر 6 اپریل 2020 23:54

روسی جیولر نے خالص چاندی سے بنا کورونا کی شکل  کا لاکٹ  پیش کر دیا
کوستروما، روس میں قائم ایک ”میڈیکل جیولری“ کمپنی  ڈاکٹر ووروبیوف  کو حالیہ دنوں میں کافی توجہ ملی ہے۔ اس کمپنی نے  خالص چاندی سے  کورونا کی شکل کا ایک لاکٹ بنایا ہے۔یہ کووڈ-19 عالمی وبا کے پھیلنے  کے بعد سے فروخت ہو رہا ہے۔
آن لائن سٹور پر اس لاکٹ کی قیمت 1 ہزار روبلز یا 13 ڈالر ہے۔ اس کمپنی کا بنایا ہوا یہ لاکٹ اب کافی متنازعہ ہو گیا ہے۔

اس کی تصویریں وائرل ہوئیں تو انٹرنیٹ صارفین نے کمپنی  پر صحت کے عالمی بحران کے دوران پیسہ بنانے کی کوشش کرنے پر کافی تنقید کی۔اس کمپنی کے بانی پاویل ووروبیوف  نے بتایا کہ یہ لاکٹ کورونا وائرس کے خلاف کام کرنے والے پیشہ ور لوگوں کی ہمت بڑھانے کے لیے بنایا گیا ہے۔اس کا  مقصد موجودہ بحران کا فائدہ اٹھانا نہیں ہے۔انہوں نے بتایا کہ  کووڈ-19 سے صحت یاب ہونے والے بہت سے مریضوں نے یہ  لاکٹ خرید کر اپنی جان بچانے والے ڈاکٹروں کو تحفے میں دیا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید بتایا ک  اُن کی کمپنی نے اس لاکٹ پر کام اس وقت شروع کیا تھا، جب یہ مرض پھیلا نہیں تھا اور اس  وائرس کی پہلی تصویر ہی سامنے آئی تھی، اس وقت روس میں کوئی اسے نہیں جانتا تھا۔کمپنی کا کہنا ہے کہ وہ  ڈی این اے اور انسانی اعضا جسے دل  اور پھیپھڑے کی شکل کی جیولری بھی بنا چکے ہیں، اس لیے اُن کا کورونا کی شکل  کا لاکٹ بنانا بھی قدرتی  ہے۔اس کمپنی کا کہنا ہے کہ وہ اب تک دنیا بھر میں ایسے 1 ہزار لاکٹ فروخت کر چکے ہیں، انہیں امید ہے کہ  دنیا بھر کے کلینک اب انہیں بڑے پیمانے پر آرڈر دیں گے۔کمپنی اب پنجرے میں بند کورونا کی شکل کے بروچز بھی پیش کرنا چاہتی ہے۔