کوئی پوچھے تو کہنا خان آیا تھا

میں پھر کہوں گا کہ اگر کوئی پوچھے تو کہنا "خان آیا تھا"۔ آٹا چینی بحران کی انکوائری رپورٹ پر علی زیدی کا ردعمل

Muqadas Farooq Awan مقدس فاروق اعوان منگل 7 اپریل 2020 23:02

کوئی پوچھے تو کہنا خان آیا تھا
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 07 اپریل2020ء) آٹا چینی بحران کی انکوائری رپورٹ پر وفاقی وزیر علی زیدی کا ردعمل سامنے آیا ہے ان کا کہنا ہے کہ میں پھر کہوں گا کہ اگر کوئی پوچھے تو کہنا "خان آیا تھا۔ تفصیلات کے مطابق 11 جون ،2019ءکا دن پاکستان کی سیاست میں نہایت اہم دن تصور کیا گیا کیونکہ اس صبح سب سے پہلے مسلم لیگ ن کے رہنما اور اپوزیشن لیڈر پنجاب اسمبلی حمزہ شہباز کی درخواست ضمانت مسترد ہوئی اور نیب نے انہیں حراست میں لے لیا ۔

جس کے بعد احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نے سابق صدر آصف علی زرداری کو 21 جون تک جسمانی ریمانڈ پر نیب کے حوالےکیاا اور پھر لندن سے ایک خبر موصول ہوئی کہ اسکاٹ لینڈ یارڈ نے بانی ایم کیو ایم الطاف حسین کو گرفتار کر لیا ۔پاکستان اور برطانیہ میں ہونے والی ان گرفتاریوں نے سیاست میں بھی ایک ہلچل مچا دی تھی۔

(جاری ہے)

ان گرفتاریوں پر ایک صحافی نے وفاقی وزیر برائے بحری امور علی زیدی سے سوال کیا کہ سنا ہے کہ بانی ایم کیو ایم کو گرفتار کر لیا گیا ہے جس پر وفاقی وزیر علی زیدی نے کہا کہ متحدہ بانی گرفتار، حمزہ بھی گرفتار ، کوئی پوچھے تو کہنا ''خان آیا تھا''۔

اور اب چینی بحران کی رپورٹ سامنے آنے کےبعد ایک با رپھر پاکستان کی سیاست میں ہلچل مچ گئی ہے۔علی زیدی نے ایک بار پھر ایسا ہی ردِعمل دیا ہے،ان کا کہنا ہے کہ پہلے اداروں میں مداخلت کی جاتی تھی،ہم نے انہیں خود مختار بنایا ہے اور اب وہ اپنا کام خود کر رہے ہیں۔نیب چلانا ہمارا کام نہیں ہے،یہ نیب کا اپنا کام ہے۔اب اداروں میں مداخلت نہیں آتی،نہ کسی سے پوچھ کر کسی کو گرفتار کیا جاتا ہے اور نہ چھوڑا جاتا ہے۔ میں پھر کہوں گا کہ اگر کوئی پوچھے تو کہنا "خان آیا تھا۔علی زیدی نے مزید کہا کہ جہانگیر ترین نے پارٹی کے لیے بہت کچھ کیا،مشکل وقت میں ساتھ رہے۔میرے خیال سے 25اپریل تک انتظار کرنا چاہئیے۔