جماعت اسلامی کے ذمہ داران اور امراء اضلاع کا اجلاس منعقد

بدھ 8 اپریل 2020 23:31

کراچی۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 08 اپریل2020ء) امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن کی زیر صدارت ادارہ نورحق میں جماعت اسلامی کے ذمہ داران اور امراء اضلاع کا اجلاس منعقد ہوا۔اجلاس میں کراچی سمیت ملک میں کورونا وائرس اور لاک ڈائون سے پیدا ہونے والے مسائل پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ کورونا وائرس سے بچا ئواور متاثرہ افراد کے لیے کی جانے والی کاوشوں کے حوالے سے تفصیلی رپورٹ بھی پیش کی گئی۔

اجلاس میں امرا ء اضلاع نے اپنے اپنے ضلع میں الخدمت کے تحت کی جانے والی سرگرمیوں کی رپورٹ پیش کرتے ہوئے بتایاکہ ہر ضلع میں کارکنان بڑی تعداد میں خدمت کے کام کوبخوبی انجام دے رہے ہیں،بڑی تعداد میں راشن کی تقسیم،پکے پکائے کھانے اور کئی اضلاع میں سبزی کے پیکٹس بھی تقسیم کے جارہے ہیں،راشن پیکیج اور پکے پکائے کھانے کے حوالے سے مخیر حضرات سے رابطہ کر کے فنڈز اکھٹے کیے گئے جس کے بعد متاثرہ افراد کی فہرست بناکر عزت نفس کا خیال رکھتے ہوئے ان گھروں میں راشن پہنچانے کا انتظام کیا گیا۔

(جاری ہے)

حافظ نعیم الرحمن نے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ جماعت اسلامی نے اپنی تمام سرگرمیاں معطل کر کے فلاح وبہبود کے کام کرنے کا فیصلہ کیا تھا، الخدمت اور جماعت اسلامی کے کارکنان خراج تحسین کے مستحق ہیں جنہوں نے مشکل وقت میں انسانیت کی فلاح و بہبود کے لیے آگے بڑھ کر کام کیا۔حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ ڈاکٹر عبد القادر سومرو کورونا وائرس سے متاثرہ مریضوں کا علاج کرتے ہوئے خود وائرس کا شکار ہوکردنیا فانی سے چلے گئے ۔ انہوں نے کہا کہ مرحوم کی خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی ۔