لالہ موسیٰ، جب بھی ملک پر کوئی کڑا وقت آیا منہاج القرآن کے جانثاروں نے اپنی جانیں ہتھیلی پر رکھ کر عوام کی خدمت کی، عمر وڑائچ

پیر 20 اپریل 2020 15:51

لالہ موسیٰ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 اپریل2020ء) منہاج القرآن ویلفیئر فاؤنڈیشن شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری کی زیر سرپرستی دنیا بھر میں خدمت خلق کیلئے کام کر رہی ہے۔ اور جب بھی ملک پر کوئی کڑا وقت آیا منہاج القرآن کے جانثاروں نے اپنی جانوں کو ہتھیلی پر رکھ کر عوام کی خدمت کی۔ ان خیالات کا اظہار صدر منہاج القرآن یوتھ لیگ سٹی گجرات عمر وڑائچ نے سٹی سیکرٹریٹ منہاج القرآن میں کورونا کی وجہ سے ہونیوالے لاک ڈاؤن سے متاثر افراد میں منہاج رمضان فوڈ پیکیج تقسیم کرنے کی افتتاحی تقریب کے موقع پر پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

اس موقع پر زاہد سلیم حسینی ناظم منہاج القرآن شہر گجرات‘ مہر محمد یوسف یعفور آرگنائزر منہاج اینٹی کورونا ہیلپ ڈیسک ضلع گجرات‘ قیصر چوہان ضلعی صدر منہاج القرآن یوتھ لیگ گجرات‘ عائشہ طور صدر منہاج القرآن ویمن لیگ شہر گجرات‘ محمد زمان مغل صدر منہاج القرآن گجرات شہر‘ سلیم چشتی جنرل سیکرٹری پاکستان عوامی تحریک سٹی گجرات‘ ناصر عزیز ناظم منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن سٹی گجرات اور منہاج القرآن کے دیگر راہنما موجود تھے۔

(جاری ہے)

عمر وڑائچ نے کہا کہ جب سے ملک میں کورونا کی وبا کی وجہ سے حکومت کی جانب سے لاک ڈاؤن کا اعلان ہوا ہے منہاج القرآن ویلفیئر فاؤنڈیشن نے دن رات عوام کی خدمت کا سلسلہ شروع کر رکھا ہے۔ پندرہ سو سے زائد گھرانوں میں راشن تقسیم کیا گیا ہے۔ جبکہ منہاج القرآن اینٹی کورونا ہیلپ ڈیسک کے کارکن دن رات عوام کی خدمت کیلئے کام کر رہے ہیں۔ لوگوں میں راشن کی تقسیم ہو یا ادویات یا دیگر ضروریات زندگی کی فراہمی، منہاج القرآن کے کارکن ایک کال پر لوگوں کی دہلیز پر پہنچتے ہیں اور کسی کی اناء کو ٹھیس پہنچائے بغیر خاموشی سے انکی خدمت کی جاتی ہے۔

اس سے پہلے بھی زلزلہ ہو یا سیلاب قرض حسنہ کی فراہمی ہو یا نوجوانوں کو کی چنگ چی رکشہ کی فراہمی یا اجتماعی شادیوں کا مرحلہ، ہر موقع پر منہاج القرآن ویلفیئر فاؤنڈیشن ہمیشہ آگے ہوتی ہے۔ ہم یہ کام خاموشی سے کرتے رہیں گے۔ زاہد سلیم حسینی ناظم منہاج القرآن شہر گجرات نے کہا کہ رمضان المبارک کے مقدس مہینے میں 700 سے زائد لوگوں کو 22 لاکھ روپے کی مالیت کا راشن پہنچایا جا رہا ہے اس سلسلہ میں حاجی ارشد جاوید وڑائچ مرحوم کے صاحبزادے سرمد جاوید اور فیصل حسین نے ہمارے ساتھ تعاون کیا ہے اور ہمارے تمام کارکن اس سلسلہ میں بھر پور کام کر رہے ہیں۔

مہر محمد یوسف یعفور آرگنائزر منہاج اینٹی کورونا ہیلپ ڈیسک ضلع گجرات نے کہا کہ منہاج القرآن کے کارکنوں کی شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری نے تربیت کی ہے اور انہی کی تربیت کی وجہ سے ہر موقع پر ہمارے کارکن ہراوول دستے کا کردار ادا کرتے ہیں۔ کورونا کے لاک ڈاؤن سے متاثرہ افراد نے ہمیں جہاں سے بھی کال کی ہمارے کارکن ہراوول دستے کا کردار ادا کرتے ہوئے پہنچتے ہیں۔