گوہر ٹیکسٹائل کے اشتراک سے زرعی یونیورسٹی کے تین سو سے زائد چھوٹے ملازمین میں عید ڈریس تقسیم

ہفتہ 2 مئی 2020 17:17

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 02 مئی2020ء) :زرعی یونیورسٹی فیصل آباد کے تین سو سے زائد چھوٹے ملازمین میں عید ڈریس تقسیم کئے گے۔ زرعی یونیورسٹی اور گوہر ٹیکسٹائل کے اشتراک سے عید گفٹس تقسیم کرنے کی تقریب وائس چانسلرز آفس میں ہوئی جہاں وائس چانسلرپروفیسرڈاکٹر محمد اشرف (ہلال امتیاز) اورگوہر ٹیکسٹائل کے چیف ایگزیکٹو آفیسرگوہر مصطفی نے پرنسپل آفیسراسٹیٹ مینجمنٹ ڈاکٹر قمر بلال‘ ٹریژرورجسٹرار عمر سعید قادری‘ ڈائریکٹر فارمز ڈاکٹر محمد طاہر‘ ایگزیکٹو انجینئر محمد اکرام برج اور سیکرٹری ٹو وائس چانسلرمحمد جمیل کے ہمراہ پاور ہائوس‘ گارڈننگ ونگ‘ سیکورٹی سٹاف ‘ ڈائریکٹوریٹ آف فارمز اور ایڈمن بلاک کے جملہ ملازمین میں عید ڈریس (سوٹ ) تقسیم کئے۔

اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے وائس چانسلرپروفیسرڈاکٹر محمد اشرف نے کہا کہ یونیورسٹی انتظامیہ مقامی انڈسٹری کے ساتھ روابط کو نئی بلندیوں سے ہمکنار کرنے کیلئے پرعزم ہے جس کے ذریعے ہزاروں طلبہ پر مشتمل تربیت یافتہ افرادی قوت انڈسٹری کو درپیش مسائل کے پائیدار حل کیلئے اس پر تحقیق کے بعد قابل عمل تجاویز کیساتھ دستیاب رہتی ہے تو دوسری جانب انڈسٹری یونیورسٹی میں تحقیق و تدریس اور بنیادی ڈھانچے کی ترقی کیلئے وسائل مہیا کرتی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اکیڈیمیاانڈسٹری روابط ایسا ماڈل ہے جس نے یورپ و امریکہ سمیت ترقی یافتہ ممالک میں بھرپور کامیابی صرف اس بنیاد پر حاصل کی ہے کہ انڈسٹری کو درپیش مشکلات کی نشاندہی کے بعد یونیورسٹی کے سینکڑوں طلبہ اس پر مختلف پہلوئوں سے تحقیق کے نتیجہ میں مسائل کی نشاندہی کرتے ہوئے ان کا حل تجویز کرتے ہیں اسی طرح انڈسٹری بھی جامعات میں تعلیمی و تحقیقی سہولیات اور بنیادی ڈھانچے کی ترقی کیلئے ان کی مدد کرتی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ وہ ایسے درجنوں صنعتی خاندانوں کو جانتے ہیں جو اپنے یا بزرگوں کے نام پر جامعات میں اکیڈمک یا ریسرچ بلاکس‘ تحقیقاتی لیبارٹریوں کے قیام و انتظام یا طلبہ کے سکالرشپس کیلئے وسائل مہیا کر رہے ہیں لہٰذا چاہتے ہیں کہ ملک کے تیسرے اور دوسرے بڑے صنعتی شہر فیصل آباد کے صنعتکار بھی زرعی یونیورسٹی فیصل آباد میں ضرورت مند نوجوانوں کی معاونت کیلئے آگے آئیں۔

انہوں نے کہا کہ ماضی قریب میں یونیورسٹی سیکورٹی سٹاف کیلئے یونیفارم‘ شوز اور جیکٹس کی فراہمی کے ساتھ ساتھ کلین و گرین کیمپس کے فلسفے کو عملی جامہ پہنانے کیلئے بھی گوہر ٹیکسٹائل کے چیف ایگزیکٹو آفیسرگوہر مصطفی کی مدد کو خصوصی طو رپر سراہا۔ اس موقع پر گوہر ٹیکسٹائل کے چیف ایگزیکٹو گوہر مصطفی نے کہا کہ وہ یونیورسٹی کوتعلیم و تحقیق کا ایسا گہوارہ سمجھتے ہیں جہاں سے ترقی و خوشحالی کے سوتے پھوٹتے ہیں ۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کی زرعی و معاشی ترقی میں زرعی یونیورسٹی فیصل آباد کے ماہرین کی خدمات کا سارا ملک معترف ہے اور وہ اس عظیم دانش گاہ میں ویلفیئر کاموں میں شامل ہوتے ہوئے انتہائی مسرت محسوس کرتے ہیں۔ اس موقع پر پرنسپل آفیسراسٹیٹ مینجمنٹ ڈاکٹر قمر بلال نے کہا کہ وائس چانسلرڈاکٹر محمد اشرف کی ہدایت پر قائم کی گئی فنڈ ریزنگ کمیٹی کے ذریعے یونیورسٹی کے تدریسی و انتظامی سٹاف کی معاونت سے خاطر خواہ رقم اکٹھی کی گئی ہے اور وہ ارادہ رکھتے ہیں کہ عیدالفطر سے قبل یونیورسٹی کے مزید سٹاف ممبران میں عید گفٹس بھی تقسیم کئے جائیںتاکہ وہ بھی دوسرے لوگوں کی طرح عیدکی خوشیوں میں شریک ہوسکیں۔