لاڑکانہ میں خاتون بچے کو جنم دینے کے 2 دن بعد کرونا وائرس کے باعث جاں بحق ہوگئی

مریضہ میں بچے کی پیدائش سے قبل ہی وائرس کی تشخیص ہوئی تھی، نومولود بچے کی رپورٹ منفی آئی

muhammad ali محمد علی بدھ 6 مئی 2020 00:50

لاڑکانہ میں خاتون بچے کو جنم دینے کے 2 دن بعد کرونا وائرس کے باعث جاں ..
لاڑکانہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 05 مئی2020ء) لاڑکانہ میں خاتون بچے کو جنم دینے کے 2 دن بعد کرونا وائرس کے باعث جاں بحق ہوگئی، مریضہ میں بچے کی پیدائش سے قبل ہی وائرس کی تشخیص ہوئی تھی، نومولود بچے کی رپورٹ منفی آئی۔ تفصیلات کے مطابق بتایا گیا ہے کہ سندھ کے شہر لاڑکانہ میں 2 روز قبل نومولود کو جنم دینے والی کرونا وائرس کی مریضہ انتقال کرگئی ہے۔

بتایا گیا ہے کہ مریضہ حاملہ تھی جب اس میں کرونا وائرس کی تشخیص ہوئی۔ بعد ازاں بچے کی پیدائش کیلئے خاتون کو لاڑکانہ کے شیخ زید ویمن اسپتال میں داخل کروایا گیا۔ جاں بحق ہو جانے والی خاتون کے ہاں 2 دن پہلے بچے کی پیدائش ہوئی تھی۔ جبکہ اب خاتون اپنے بچے کو اس دنیا میں لانے کے صرف 2 دن بعد ہی اس جہاں فانی سے کوچ کر گئی ہے۔

(جاری ہے)

خاتون کے انتقال کے بعد اس کے بچے کا کرونا ٹیسٹ بھی کیا گیا ہے۔

اس حوالے سے ہسپتال انتظامیہ کے مطابق نومولود بچے کی کرونا رپورٹ منفی آئی ہے اور وہ بالکل تندرست ہے۔ جبکہ جاں بحق ہو جانے والے خاتون کا آپریشن کرنے والے ڈاکٹرز سمیت عملے کے 5 افراد کے ٹیسٹ کرلیے گئے ہیں اور ان سب افراد کو ہسپتال کے ہی آئسولیشن وارڈ میں داخل کر کے اس وارڈ کو سیل کردیا گیا ہے۔ خاتون کا علاج کرنے والے ڈاکٹرز اور طبی عملے کی مسلسل نگرانی کی جا رہی ہے، چند دن بعد ان کے دوبارہ ٹیسٹ کیے جائیں گے۔