محبوبہ مفتی کی حراست تین ماہ کے لئے بڑھادی گئی

بدھ 6 مئی 2020 20:22

سری نگر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 06 مئی2020ء) پیپلز ڈیمو کریٹک پارٹی کی سربراہ اور جموں وکشمیر کی سابق وزیراعلی محبوبہ مفتی کی حراست میں توسیع کردی گئی ہے۔ ان کی حراست کو تین ماہ کے لئے بڑھا دیا گیا ہے۔ محبوبہ مفتی کی موجودہ حراست کے ختم ہونے کے کچھ ہی گھنٹے قبل سری نگر مجسٹریٹ کی طرف سے جاری کئے گئے ایک مختصر حکم نامہ میں کہا گیا ہے کہ محبوبہ مفتی کے گھر میں ہی ان کی حراست کو تین ماہ کے لئے بڑھائی جارہی ہے۔

سابق وزیر اعلی اور پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی کی صدر محبوبہ مفتی کے ساتھ، سرتاج مدنی اور نیشنل کانفرنس کے سینیئر لیڈر علی محمد ساگر پر عائد پبلک سیفٹی ایکٹ کی مدت میں تین مہینے کی توسیع کی گئی ہے۔جموں و کشمیر انتظامیہ کے ایک سینئر آفیسر نے ان باتوں کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ " محکمہ داخلہ نے آج شام تینوں لیڈران پر عائد پی ایس اے کی مدت میں تین مہینے کا اضافہ کیا ہے۔

(جاری ہے)

" ان کا مزید کہنا تھا کہ "آنے والے دنوں میں دیگر لیڈران کی مدت میں بھی توسیع ہونے کے امکان ہیں۔" واضح رہے کہ گزشتہ برس پانچ اگست کو جموں و کشمیر کو دفعہ 370 اور 35 اے سے حاصل خصوصی حثیت کے 11:13 PM 5/5/2020خاتمے سے کچھ گھنٹوں قبل ان لیڈران کو احتیاطی حراست میں لیا گیا تھا۔ جس کے بعد ان پر پبلک سیفٹی ایکٹ عائد کیا گیا۔محبوبہ مفتی، ساگر اور مدنی پر رواں سال فروری مہینے کی 6 تاریخ کو پی ایس اے عائد کیا گیا تھا۔۔