تعلیمی نظام کو درپیش مسائل کو مجموعی نقطہ نظر سے دیکھنے کی ضرورت ہے ،

معاشرتی انصاف اور مساوی مواقعوں کی فراہمی کے بغیر تعلیمی نظام کو موثر نہیں بنایا جا سکتا،وائس چانسلر پروفیسر زکریا ذاکر

جمعرات 7 مئی 2020 22:41

لاہور۔7 مئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 07 مئی2020ء) اوکاڑہ یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد زکریا ذاکر نے اپنی فیکلٹی کے ساتھ آن لائن میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تعلیمی نظام کو درپیش موجودہ مسائل جیسا کہ بڑھتا ہوا ڈراپ آوٹ ریٹ، طلباء کی تعلیم میں عدم دلچسپی، ناقص کارکردگی اور غیر ہنر مند گریجوایٹس وغیرہ کو پالیسی ساز ادار ے اور اساتذہ ایک مجموعی نقطہ نظر اور طرز عمل کے ذریعے ہی حل کر سکتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ طلباء کی بہتر کارکردگی اور کامیابی کا انحصار محض اچھے تعلیمی اداروں کے انتخاب پر ہی نہیں بلکہ اس کے لیے زندگی کے تمام پہلووں کو مد نظر رکھنے کی ضرورت ہے۔طلباء کو بھرپور توجہ اور دلچسپی سے تعلیم حاصل کرنے کے لیے تعلیمی اداروں سے باہر بہت ساری ضروریات اور مواقع درکار ہوتے ہیں۔

(جاری ہے)

پروفیسر زکریا نے بتایا کہ ذہنی نشوونما اور حصول علم کی طرف رغبت کے لیے طلباء کو صحت کی دیکھ بھال، خوراک، صاف پانی، پرسکون رہائش اور جدید ٹیکنالوجی تک رسائی کے مساوی مواقع ملنا بے حد ضروری ہے، اور یہ تمام چیزیں تعلیمی اداروں کے دائر ہ کار سے نکل کر معاشرے اور حکومت کے دائرہ اختیار میں آتی ہیں۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ موجودہ وبا نے دنیا بھر کے طلباء میں جدید ٹیکنالوجی کے حصول اور اس کے استعمال کے زمرے میں پائی جانے والی تفریق کو واضع کر دیا ہے، کیونکہ طلباء کی ایک بڑی تعداد ایسی دیکھنے میں آئی ہے کہ ان کو اسمارٹ فون اور انٹرنیٹ تک دستیاب نہیں جس کے باعث اور ای لرننگ کا باقاعدہ حصہ نہیں بن سکتے۔ وائس چانسلر نے پالیسی سازوں، تعلیمی اداروں اور معاشرے کو اس بات کی ترغیب دی کہ وہ اس بحرانی صورت حال سے سبق سیکھتے ہوئے تعلیم نظام کو درپیش مسائل کے حل کے لیے کوشش کریں اور یہ اسی صورت ممکن ہے جب داخلوں کی تعداد بڑھانے کے ساتھ ساتھ طلباء کو زندگی کی بنیادی ضروریات اور سہولیات کی فراہمی کو بھی یقینی بنایا جائے۔