ہزارہ یونیورسٹی سے الحاق شدہ کالجوں اور تعلیمی اداروں میں زیر تعلیم طلباء کیلئے آن لائن کلاسز کے اجرا کے حوالہ سے اجلاس

اجلاس میں کووڈ 19- کی وجہ سے کالجوں میں معطل شدہ تعلیمی سرگرمیوں کے یکم جون سے دوبارہ آغاز بارے غور و خوص کیا گیا

جمعہ 8 مئی 2020 16:19

مانسہرہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 08 مئی2020ء) ہزارہ یونیورسٹی مانسہرہ میں یونیورسٹی سے الحاق شدہ کالجوں اور تعلیمی اداروں میں زیر تعلیم طلباء و طالبات کیلئے آن لائن کلاسز کے اجرا کے حوالہ سے الحاق شدہ تعلیمی اداروں کے نمائندوں کا اجلاس وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر جمیل احمد کی زیر صدارت منعقد ہوا۔ اجلاس میں کویڈ 19- کی وجہ سے کالجوں میں معطل شدہ تعلیمی سرگرمیوں کے یکم جون 2020ء سے دوبارہ آغاز کے بارے میں غور و خوص کیا گیا اور روایتی طریقہ ہائے تعلیم سے ہٹ کر مختلف تجاویز پر بات چیت کی گئی۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر جمیل احمد نے کہا کہ ہم بحیثیت قوم ایک بڑے چیلنج سے نبرد آزما ہوتے ہوئے غیر معمولی حالات کا سامنا کر رہے ہیں، ان حالات میں کامیابی حاصل کرنے کیلئے ضروری ہے کہ ہم پہلے سے بڑھ کر محنت کریں اور تمام دستیاب وسائل، قابلیت اور اہلیت کو استعمال کرتے ہوئے نوجوان طلباء و طالبات کی تعلیمی و تدریسی سرگرمیوں کو دوبارہ فعال کرنے کیلئے کوششیں کریں۔

(جاری ہے)

وائس چانسلر نے کہا کہ دنیا بھر اور پاکستان کے تعلیمی اداروں میں پیدا شدہ صورتحال ہم سے یہ تقاضا کرتی ہے کہ ہم تعلیمی و تدریسی حوالوں سے روایتی طریقہ کار سے ہٹ کر سوچ کو اپنائیں اور ایسی حکمت عملی اختیار کریں جس سے طلباء و طالبات کا قیمتی وقت ضائع نہ ہو۔ وائس چانسلر نے کہا کہ یونیورسٹی کا شعبہ آئی ٹی اور اس کے ماہرین الحاق شدہ کالجوں اور تعلیمی اداروں کو ہر ممکن تکنیکی سہولت اور معاونت فراہم کرنے کو تیار ہیں۔

وائس چانسلر نے یونیورسٹی کے ڈائریکٹوریٹ آف آئی ٹی، کنٹرولر امتحانات اور ڈائریکٹر اکیڈمکس کو ہدایت دی کہ وہ الحاق شدہ کالجوں اور تعلیمی اداروں میں زیر تعلیم طلباء کی تعلیم و تدریس کے حوالہ سے ان کی مدد و رہنمائی کو یقینی بنائیں۔ اجلاس میں یونیورسٹی کے رجسٹرار انجینئر شکیل احمد خان، پروفیسر ڈاکٹر سید منظور حسین شاہ پرووائس چانسلر اور ڈینز کے علاوہ تعلیمی و انتظامی شعبوں کے سربراہان نے شرکت کی۔