سیکرٹری صحت عامہ آزاد کشمیر کی زیر صدارت جملہ کرونا لیبارٹریز ٹیسٹس و حفاظتی کٹس لاجسٹکس کے حوالے سے اجلاس

میرپور مظفرآباد اور راولاکوٹ میں لیبز کام کررہی ہیں ،روزانہ کی بنیاد پر ٹیسٹ لیے جارہے ہیں،محکمہ صحت کا عملہ آزاد کشمیر کے تمام انٹری پوائنٹس پر موجود ،باہر سے آنے والے مسافروں کی سکریننگ کررہا ہے ،بریفنگ

اتوار 10 مئی 2020 16:50

مظفرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 10 مئی2020ء) سیکرٹری صحت عامہ آزاد کشمیر میجر جنرل طاہر سردار کی زیر صدارت ای پی آئی آزاد کشمیر کے مرکزی دفتر میں کرونا COVID-19 کے حوالے سے جملہ کرونا لیبارٹریز ٹیسٹس و حفاظتی کٹس لاجسٹکس کے حوالے سے اجلاس منعقد ہوا۔اجلاس میں ڈائریکٹر جنرل ہیلتھ آزاد کشمیر ڈاکٹر سردار آفتاب حسین اور پروونشیل پروگرام منیجر ای پی آئی آزاد کشمیر و فوکل پرسن کویڈ 19 کنٹرول روم مظفرآباد میڈم ڈاکٹر بشریٰ شمس اور تمام ڈسٹرکٹ ہیلتھ افسران اور دیگر نے شرکت کی۔

اجلاس پرونشل پروگرام منیجر ای پی آئی آزاد کشمیر ڈاکٹر بشری شمس نے پی سی آر ٹیسٹس اور حفاظتی کٹس اور کرونا ایمرجنسی کے حوالے سے بریفنگ دی۔ ڈاکٹر بشری شمس نے کہا کہ میرپور مظفرآباد اور راولاکوٹ میں لیبز کام کررہی ہیں اور روزانہ کی بنیاد پر ٹیسٹ لیے جارہے ہیں۔

(جاری ہے)

اس کے علاوہ محکمہ صحت کا عملہ آزاد کشمیر کے تمام انٹری پوائنٹس پر موجود ہے جو انتظامیہ کے تعاون سے باہر سے آنے والے مسافروں کی سکریننگ کررہا ہے اور شبہ ہونے کی صورت میں مشتبہ افراد کو قریبی قرنطینہ مراکز شفٹ کر دیا جاتا ہے جہاں سے مسافروں کے ٹیسٹ لیکر منفی آنے کی صورت میں انہیں ڈسچارج کیا جاتا ہے۔

اجلاس کو بتایا گیا کہ ایمز میں ایک اور کرونا ٹیسٹنگ لیے قائم کی جارہی ہے جس کا سامان آچکا ہے اور جلد ہی کام شروع کر دے گی۔