مظفرآباد،حلقہ دو لچھراٹ پنجکوٹ میں سادات فیملی کے چند گھروں پر چوہدری برادران کی جانب سے گھیرے تنگ

اے ڈی چوہدری نذیر نے تین سال قبل بھی سادات کے گھروں کو نشانہ بنانے کی کوشش کی ،متاثرین کی انسپکٹر جنرل پولیس ،وزیر اعظم آزادکشمیر و دیگر اداروں سے نوٹس لینے کی اپیل

اتوار 10 مئی 2020 16:50

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 10 مئی2020ء) حلقہ دو لچھراٹ پنجکوٹ میں سادات فیملی کے چند گھروں پر چوہدری برادران کی جانب سے گھیرے تنگ ،ْ اے ڈی چوہدری نذیر نے تین سال قبل بھی سادات کے گھروں کو نشانہ بنانے کی کوشش کی ، پنجکوٹ صادقی بازار بٹ کلس کے تقریباً5سے 6سادات فیملی کے گھرانے ہیں جن کو چوہدری نذیر کی ایماء پر ڈھائی سے تین ہزار افراد نے یرغمال بنارکھا ہے ،متاثرین سادات نے اپنی کہانی سناتے ہوئے کہا کہ 29اپریل صادقی بازار میں سادات کے 2جوان اپنی رقم لینے کیلئے گئے تو چوہدریوں کے چند افراد نے اُن پر حملہ کردیا جس پر سادات فیملی کے 3افراد اور موقع پر پہنچ گئے ،ہوائی فائر کرکے اپنی جان بچاکر وہاں سے فرار ہوئے جبکہ چوہدری نذیر کو پتا لگتے ہی سازش نے سر اٹھانا شروع کردیا ،اُنہوں نے فوری طور پر تھانے فون کیا اور اپنے چند آدمیوں کو زخمی کرواکر الزام سادات فیملی کے 8افراد پر ڈال دیا جن میں سے تین افراد تو پنجکوٹ موجود ہی نہیں تھے اُن کو بھی شامل کرواکر تھانہ پنجکوٹ میں ایف آئی آر درج کروادی جو کہ 29/04/2020کو باقاعدہ 14APC 149/506 147/148 337H2/341 324/337کے تحت ایف آئی آر درج کروائی جس میں موقف ظاہر کیا گیا کہ سادا ت قبیلے کے افراد نے سائل پر حملہ کرکے زخمی کیا جو کہ سراسر جھوٹ پر مبنی تھا کیونکہ لڑائی کے فوراً بعد ایک ساز ش کے تحت صادقی بازار میں تین سو سے ،4سو چوہدری برادران کے لوگ اکٹھے تھے سید فیملی کے گھروں میں جاکر دھمکیاں دے رہے تھے کہ ہم تم سب کو گھروں میں بند کرکے جلادیں گے جس پر سادات فیملی کے افراد نے مظفرآباد مدد کیلئے فون کیا اُس کے بعد تھانہ پنجگراں کی پولیس موقع پر پہنچ گئی اور چوہدری برادران موقع سے فرار ہوگئے ،نذیر جو کہ اے ڈی لوکل گورنمنٹ بھی ہیں اُنہوں نے پولیس پر دبائو ڈال کر ایف آئی آر ڈالی ، جبکہ فیاض چوہدری نامی شخص نے حلقہ دو لچھراٹ پنجکوٹ کے تمام چوہدری برادران کو میسج کیا کہ تمام تیار ہوجائو اب وقت ہے کہ ہم ان سیدوں کو گھروں کے اندر بند کرکے قتل کردیں ۔

(جاری ہے)

اُنہوں نے کہا کہ انسپکٹر جنرل پولیس ،وزیر اعظم آزادکشمیر و دیگر ادارے نوٹس لیں ، پنجگراں میں ہونے والے نسلی فسادات اور انتشار کا پردہ فاش کریں ،ملوث افراد کو گرفتار کریں ۔امجد نقوی نے مزید کہا کہ فیس بک پر اسلحہ لہرا کر اُن کی فوٹو کے ذریعے ہمیں دھمکیاں دی جارہی ہیں جس کا اگر نوٹس نہ لیا گیا تو حالات خراب ہوسکتے ہیں جبکہ تھانہ پنجگراں میں جھوٹی ایف آئی آر بھی درج کرواکر ہمیں تنگ کیا جارہا ہے ۔