حکومت تاجروں کی طرح پرائیویٹ سکولز کیلئے خصوصی پیکیج کا اعلان کرے‘چوہدری اختر علی خاں

پرائیویٹ سکولز ملک میں تعلیم کے فروغ کیلئے بنیادی کردار ادا کررہے ہیں مگر حکومت ان سے نامناسب رویہ اختیار کئے ہوئے ہے

پیر 11 مئی 2020 14:08

کامونکے (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 مئی2020ء) 15 جولائی تک تعلیمی ادارے بند کرنے کے حکومتی فیصلے کو مسترد کرتے ہیں،حکومت تاجروں کی طرح پرائیویٹ سکولز کیلئے خصوصی پیکیج کا اعلان کرے اگر ریلیف نہ دیا گیا تو دس لاکھ سے زائد افراد بے روزگار ہوجائیں گے۔ان خیالات کا اظہار پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما و ایم پی اے حلقہ پی پی 61چودھری اختر علی خاں اور ممتاز ماہر تعلیم محمد اسلام مغل نے اپنے بیان میں کیا۔

انہوں نے کہاکہ حکومت 15 جولائی تک تعلیمی اداروں کی بندش کا فیصلہ فوری واپس لے اگر ایسا نہ کیا گیا تو نہ صرف طالب علموں کی تعلیم متاثر ہوگی بلکہ پرائیویٹ سکولز کا چلنا بھی مشکل ہوجائے گا۔انہوں نے کہاکہ پرائیویٹ سکولز ملک میں تعلیم کے فروغ کیلئے بنیادی کردار ادا کررہے ہیں مگر حکومت ان سے نامناسب رویہ اختیار کئے ہوئے ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ نجی تعلیمی اداروں کے نمائندوں کو اعتماد میں لیکر پالیسیاں مرتب کرنی چاہئیں۔

حکمرانوں نے تمام فیلڈز میں ناکامیوں کے بعد شعبہ تعلیم کو بھی بحران کا شکار کردیا ہے۔ اس سے ناقابل تلافی نقصان کاخدشہ ہے جس کا ملک متحمل نہیں ہوسکتا۔ انہوں نے مزید کہا کہ قومی ترقی اور فروغ میں نجی تعلیمی اداروں کے کردار سے انکار ممکن نہیں۔ وطن عزیز سے جہالت کے خاتمہ اور نور سے اجالا کرنے کیلئے ہمیں اجتماعی کردار ادا کرنا ہوگا۔ اگر ملک میں پرائیویٹ تعلیمی اداروں کا کردار نہ ہوتا تو ہمارا ملک ترقی کے میدان میں بہت پیچھے جا چکا ہوتا۔ انہوں نے کہا کہ نجی ادارے ساٹھ فیصد تعلیم کا حکومتی بوجھ اٹھائے ہوئے ہیں۔تقریباًایک کروڑ بچے زیر تعلیم اور لاکھوں افراد کا روزگار وابستہ ہے۔