چیف کورٹ گلگت بلتستان، پرائیویٹ سکولوں کو کورونا وباء کے دوران فیس نہ لینے بارے درخواست کی سماعت 15 جون تک ملتوی

منگل 12 مئی 2020 16:03

گلگت (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 مئی2020ء) چیف کورٹ گلگت بلتستان میں پرائیویٹ سکولوں کو کورونا وباء کے دوران فیس نہ لینے کا پابند بنانے کے لئے دائر درخواست پر سماعت 15 جون تک ملتوی کردی گئی۔

(جاری ہے)

سماعت کے دوران چیف جسٹس ملک حق نواز نے پرائیویٹ سکولز نیٹ ورک (پی ایس این) گلگت بلتستان اور پرائیویٹ ایجوکیشن نیٹ ورک (پی ای این ) بلتستان کی جانب سے پرائیویٹ سکولوں کو بھی فریق بنانے کی درخواست منظور کرتے ہوئے ریمارکس دیئے کہ ہم خود بھی یہی چاہتے تھے کہ پرائیویٹ سکولز اس کیس میں فریق بنیں، ہم نے پرائیویٹ سکولوں کے مفاد اور مفاد عامہ کو بھی دیکھنا ہے۔

عدالت نے حکومت سے پرائیویٹ سکولز ریگولیٹری ایکٹ کی کاپی منگواتے ہوئے کیس کی سماعت 15 جون تک ملتوی کردی۔ عدالت میں پرائیویٹ سکولز گلگت بلتستان کے صدر ذاکر حسین شیخ، پرائیویٹ ایجوکیشن نیٹ ورک بلتستان کے جنرل سیکرٹری محمد میر اور لیگل ایڈوکیٹ ادریس یوسف ایڈوکیٹ پیش ہوئے۔