مالک نصاب مسلمان پر صدقہ فطر عید کے روز طلوع فجر کے بعد واجب ہو جاتا ہے ،حافظ نذیر احمد قادری

منگل 12 مئی 2020 19:24

مظفر آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 مئی2020ء) ڈائریکٹر مذہبی امور آزادکشمیر حافظ نذیر احمد قادری نے کہا ہے کہ مالک نصاب مسلمان پر صدقہ فطر عید کے روز طلوع فجر کے بعد واجب ہو جاتا ہے ۔ مالک نصاب کو اپنی طرف سے اور چھوٹی اولاد کی طرف سے صدقہ فطر ادا کرنا لازم ہوتا ہے ۔ صدقہ فطر میں اگر کوئی شخص گندم آٹا ادا کیا جائے توسوا دو کلو کی قیمت ادا کرے۔

اگر کوئی کھجور کی قیمت میں صدقہ فطر ادا کرنا چاہے تو وہ ساڑھے چار کلو کجھور کی قیمت ادا کرے ۔ بازار میں اس وقت سوا دو کلو آٹے کی قیمت ایک سو پچیس روپے ہے ۔

(جاری ہے)

نظامت مذہبی امور سے جاری پریس ریلیز میں ڈائریکٹر مذہبی امور نے کہاکہ مرکزی رویت ہلال کمیٹی کے چیئرمین مفتی منیب الرحمان نے بھی اعلان فرمایا ہے کہ اس وقت آٹا کے اعتبار سے صدقہ فطر کی مقدار پاکستان کی کرنسی میں125روپے بنتی ہے ۔

انہوں نے کہاکہ صاحب ثروت افراد اگر کجھور کی مقدار سے صدقہ فطر ادا کریں تو زیادہ ہی اچھا ہے کیونکہ اس میں فقرا کا فائدہ ہے اور صدقہ کی ادائیگی میں فقرا کے فائدے کو مدنظر رکھنا افضل ہے تاہم مسلمانوں کیلئے فی کس 125روپے فی کس صدقہ فطر ادا کرنا لازم ہوگا ۔ انہوں نے کہاکہ صدقہ فطر عید الفطر سے پہلے بھی ادا کیا جا سکتا ہے۔