چیف سیکرٹری آزادکشمیر کی زیر صدارت کرونا وائر س سے بچائو کیلئے ایس او پی پر عملدرآمد کے حوالہ سے تاجر نمائندگان اور انتظامیہ کا اجلاس

منگل 12 مئی 2020 19:24

مظفر آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 مئی2020ء) چیف سیکرٹری آزادکشمیر مطہر نیاز رانا کی زیر صدارت کرونا وائر س سے بچائو کیلئے حکومت کی طرف سے جاری کردہ ایس او پی پر عملدرآمد کے حوالہ سے تاجر نمائندگان اور انتظامیہ کا اجلاس منگل کے روز منعقد ہوا۔ اجلاس میں ڈائریکٹر جنرل اطلاعات راجہ اظہر اقبال،ایڈیشنل سیکرٹری داخلہ مسعودالرحمان، کمشنر مظفرآباد ڈویژن محترمہ تہذیب النساء ،ڈپٹی کمشنر بدر منیر، چیئرمین مرکزی انجمن تاجران شوکت نواز میر، چیئرمین مرکزی تاجر جائنٹ ایکشن کمیٹی عبدالرزاق خان ودیگر نے شرکت کی ۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے چیف سیکرٹری آزادکشمیر مطہر نیاز رانا نے کہاکہ کرونا کی وباء سے بچائو کیلئے احتیاطی تدابیر کو بہر صورت ملحوظ خاطر رکھتے ہوئے حکومت کی جانب سے جاری کردہ ہدایات کے مطابق ماسک کے استعمال اور سوشل ڈسٹنسنگ کو یقینی بناتے ہوئے مقررہ اوقات کار میں دوکانیں کھولیں۔

(جاری ہے)

چیف سیکرٹر ی نے کہاکہ روزگار کے ساتھ ساتھ لوگوں کی زندگیوں کا تحفظ بھی یقینی بنانا ہے ۔

انہوںنے کہاکہ انتظامیہ تاجروں کے ساتھ مل کر عوام کی جانوں کے تحفظ کو یقینی بناتے ہوئے کاروباری مراکز میں ایس او پی پر مکمل عملدرآمد کروائے۔انہوں نے کہاکہ حکومت نے تاجروں کے مطالبے پر جزوی طور پر کاروبار ی مراکز کھولنے کی اجازت دی ہے اب تاجر تنظیموں کی ذمہ داری ہے کہ وہ حفاظتی تدابیر کا خاص خیال رکھیں اور دوکانوں میں زیادہ رش نہ ہونے دیں۔

چیف سیکرٹری نے اس موقع پر محکمہ اطلاعات کو ہدایت کی کہ حکومت کی طرف سے جاری ایس او پی اورکرونا سے بچائو کیلئے حفاظتی تدابیر کی بھرپور تشہیری مہم چلائی جائے ۔ اس موقع پر تاجررہنمائوں نے حکومت کی جانب سے جاری ہونے والی ہدایات پر عملدرآمد کی یقینی کروائی اور تاجر برادری پر اعتماد کرنے پر وزیر اعظم آزادکشمیر اور چیف سیکرٹری کا شکریہ ادا کیا۔

متعلقہ عنوان :