وزیراعظم کے احساس پروگرام کے تحت بلاامتیاز امداد کی فراہمی جاری ہے‘ زراعت کے تحفظ کے لئے ٹڈی دل پر قابو پانے کے اقدامات کئے جائیں

جمعہ 15 مئی 2020 12:45

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 مئی2020ء) بلوچستان سے رکن قومی اسمبلی اسلم بھوتانی نے کہا ہے کہ سرکاری وسائل پر سب کا یکساں حق ہے‘ کسی سیاسی جماعت کو ان وسائل کی تقسیم پر کوئی حق حاصل نہیں‘ وزیراعظم کے احساس پروگرام کے تحت بلاامتیاز امداد کی فراہمی جاری ہے‘ زراعت کے تحفظ کے لئے ٹڈی دل پر قابو پانے کے اقدامات کئے جائیں ورنہ یہ زرعی شعبہ کے لئے کورونا سے زیادہ خطرناک ثابت ہوگی۔

جمعہ کو قومی اسمبلی میں اسلم بھوتانی نے کورونا وائرس کی وبا کی موجودہ صورتحال پر بحث میں حصہ لیتے ہوئے کہا کہ کورونا کے معاملے پر یہ خصوصی اجلاس ہے۔ تمام پارلیمنٹرین سے گزارش ہے کہ سیاسی لڑائیاں لڑنے کے لئے اور میدان بھی ملیں گے اب وقت سیاست اور الزامات کا نہیں اس صورتحال میں دست و گریبان ہونے کی بجائے اتحاد و یکجہتی کا مظاہرہ کرنے کی ضرورت ہے۔

(جاری ہے)

وزیراعظم کے احساس پروگرام کے ذریعے بلا تفریق سب کو رقم مل رہی ہے۔ کاش وفاقی حکومت کی بلوچستان کی صوبائی حکومت بھی تقلید کرتی۔ میرے حلقہ لسبیلہ این اے 270 میں صوبائی حکومت نے میرے ایک ووٹر کو بھی راشن نہیں دیا۔ ریاست کے وسائل پر سب کا حق یکساں ہے۔ کسی سیاسی جماعت کا ان وسائل پر حق نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ دسویں این ایف سی ایوارڈ کا اعلان کیا گیا ہے۔

وفاقی حکومت سے گلہ نہیں ہے مگر بلوچستان سے ایک غیر بلوچ جاوید جبار کو رکن نامزد کرنے پر تحفظات ہیں۔ ہمیں خدشہ ہے کہ این ایف سی میں غیر بلوچ نمائندہ ہمارے مفادات کا تحفظ نہیں کر سکتا ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ زراعت کے تحفظ کے لئے ٹڈی دل پر قابو پانے کے اقدامات کئے جائیں ورنہ یہ زرعی شعبہ کے لئے کورونا سے زیادہ خطرناک ثابت ہوگی۔