حکمران کورونا سے بچنے کی احتیاطی تدابیر کو پورا نہ کر کے اپنے قومی فریضے سے لا پرواہ رہے، مصطفی کمال

اربوں روپے راشن، قرنطینہ کے مراکز میں سہولیات کی فراہمی سے لے کر ٹائیگر فورس کے نام پر خرچ کرنے کے باوجود وفاقی اور صوبائی حکومتیں ایک متفقہ لائحہ عمل تیار کرنے تک میں ناکام رہیں، چیئرمین پی ایس پی

ہفتہ 16 مئی 2020 23:56

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 مئی2020ء) چیئرمین پاک سر زمین پارٹی سید مصطفی کمال نے کہا ہے کہ کرونا کے پھیلا ئوکے تناظر میں جہاں محدود ملکی وسائل کے باعث قوم کا ایک ایک پیسہ ناقابل بیان اہمیت رکھتا ہے وہاں جس بات کا ڈر تھا وہی ہو رہا ہے کہ ہمارے ناعاقبت اندیش حکمرانوں نے اسوقت بھی یہ پیسے بے دریغ ضائع کردیے۔ اربوں روپے راشن، قرنطینہ کے مراکز میں سہولیات کی فراہمی سے لے کر ٹائیگر فورس کے نام پر خرچ کرنے کے باوجود وفاقی اور صوبائی حکومتیں ایک متفقہ لائحہ عمل تیار کرنے تک میں ناکام رہیں۔

کسی سطح پر کوئی پیشگی انتظامات موجود نہیں تھے۔ حکمرانوں کی اس بے یقینی اور ایک دوسرے پر عدم اعتماد کے باعث عوام بھی کورونا سے بچنے کی احتیاطی تدابیر کو پورا نہ کر کے اپنے قومی فریضے سے لا پرواہ رہی۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار پاک سرزمین پارٹی کے چیئرمین سید مصطفی کمال نے کراچی ڈویژن کے زمہ داران سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ ہم پی ایس پی فانڈیشن کے ذریعے عوام کے لیے فلاحی کام جاری رکھیں گے، ہم نے چند کروڑ روپے کا راشن بانٹا تو پاکستان بھر کو نظر آیا اور ملک بھر سے تعریفوں کے پیغامات اور سراہنے کے لیے کالز کا سلسلہ شروع ہو گیا لیکن سندھ حکومت کا اربوں روپے کا راشن کہاں گیا کسی کو پتا نہیں چل سکا۔

اسی طرح میڈیا کی خبروں کے مطابق وفاقی حکومت کے بنائے گئے قرنطینہ مراکز کی لاگت بھی ضرورت سے کہیں زیادہ تھی۔مصطفی کمال نے حکومتی کرونا فنڈ میں خرد برد کی اطلاعات کی عدالتی تحقیقات کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ ان حالات میں جب کرونا کے باعث لوگوں کی زندگیاں دا پر لگی ہوئی ہیں، کرپشن ناقابل برداشت ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ کورونا کی اس عالمی وبا نے بطور قوم ہمیں اپنا تجزیہ کرنے کا موقع فراہم کیا ہے کہ ہم من حیث القوم کن اخلاقی پستیوں کا شکار ہوچکے ہیں۔ حقوق صلب کرنے سے لے کر ذخیرہ اندوزی، ناجائز منافع خوری، خود غرضی، اقربا پروری اور کرپشن ہماری جڑوں میں بیٹھ رہا ہے۔ پاک سر زمین پارٹی کے پاس وہ کردار، صلاحیت اور جزبہ ہے جو پاکستان کے تمام مسائل کا حل ہے۔