سری لنکا میں شدید بارشیں، 2 افراد ہلاک جبکہ 2 ہزار سے زائد افراد متاثر

پیر 18 مئی 2020 18:51

کولمبو۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 مئی2020ء) سری لنکا میں گزشتہ ہفتے سے جاری تیز ہواؤں اور بارشوں سے دو افراد ہلاک جبکہ دو ہزار سے زیادہ افراد متاثر ہوئے ہیں۔ ذرائع ابلاغ کے مطابق محکمہ موسمیات نے متنبہ کیا ہے کہ آنے والے دنوں میں مزید بارشیں متوقع ہیں جس کی وجہ جنوب مشرقی خلیج میں شدید طوفان ہے توقع کی جارہی ہے کہ جنوب مشرقی خطے میں شدید بارشیں ہوگی۔

(جاری ہے)

سری لنکا کا ڈیزاسٹر مینجمنٹ سنٹر ساحلی علاقوں اور ندی کنارے کے قریب رہنے والے خاندانوں کو پہلے ہی انتباہ جاری کرچکا ہے جبکہ اگلے نوٹس تک ماہی گیری برادری پر پابندی عائد کردی گئی ہے۔ دارالحکومت کولمبو، وسطی پہاڑیوں اور جنوبی ساحل سمیت ملک کے 10 اضلاع میں بھی لینڈ سلائیڈنگ انتباہ جاری کیا گیا ہے اور علاقے کے رہائشیوں کو محتاط رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ہفتے کے آخر میں موسم کی خرابی سے 500 سے زائد مکانات کو جزوی طور پر نقصان پہنچا ہے اور بارشوں کے باعث مختلف واقعات میں پانچ افراد زخمی ہوئے ہیں۔