ٹڈی دل کے کنٹرو ل کیلئے فضائی سپرے کا انتظام مکمل کر لیا ہے، وزیر زراعت پنجاب ملک نعمان احمد لنگڑیال

پیر 18 مئی 2020 22:35

لاہور۔18 مئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 مئی2020ء) صوبہ میں ٹڈی دل کے کنٹرول کیلئے جنگی بنیادوں پراقدامات کئے جا رہے ہیں۔ ڈیپارٹمنٹ آف پلانٹ پروٹیکشن کے تعاون سے محکمہ زراعت پنجاب نے ٹڈی دل کی موسم بہار کی افزائش کو کنٹرول کرنے کیلئے فضائی سپرے کا انتظام مکمل کر لیا ہے اوراس مقصد کیلئے وفاقی ادارہ پلانٹ پروٹیکشن کے تعاون سے 3 ہوائی جہاز بھی مہیا کیے جا رہے ہیں۔

محکمہ زراعت کی بروقت کارروائیوں سے ٹڈی دل کے حملہ سے پنجاب میں فصلوں کو ابھی تک کوئی قابل ذکر نقصان نہیں پہنچا ۔اب تک مجموعی طور پر 37لاکھ ہیکٹیرز رقبہ کی سرویلنس مکمل کی جاچکی ہے اور 1لاکھ33ہزار ہیکٹیرز رقبے پر44 ہزار لٹر سے زائد پیسٹی سائیڈز کا سپرے کیا جاچکا ہے یہ بات وزیر زراعت پنجاب ملک نعمان احمد لنگڑیال نے سول سیکرٹریٹ لاہور میں ٹڈی دل کے کنٹرول کیلئے محکمانہ سرگرمیوں کا جائزہ لینے کیلئے منعقدہ اجلاس کی صدارت کے دوران میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہی ۔

(جاری ہے)

اجلاس میں سیکرٹری زراعت پنجاب واصف خورشید، ایڈیشنل سیکرٹری زراعت(ٹاسک فورس) رانا علی ارشد،ڈائریکٹر جنرل زراعت(توسیع) ڈاکٹر انجم علی،ڈائریکٹر نظامت زرعی اطلاعات پنجاب محمد رفیق اختر،چیف ایڈوائزر میڈیا برائے وزیر زراعت پنجاب شاہد قادر سمیت دیگر اعلیٰ افسران موجود تھے۔ وزیر زراعت پنجاب نے مزید بتایا کہ ٹڈی دل کا مسئلہ پاکستان سمیت دنیا کے 26 ممالک کو درپیش ہے۔

پچھلے برس سعودیہ اور یمن میں بارشوں کی وجہ سے ایران کے راستے میں پاکستان داخل ہوا۔ پاک آرمی،محکمہ زراعت پنجاب، پی ڈی ایم اے،ضلعی انتظامیہ پر مشتمل ٹیموں کے تحت مشترکہ کنٹرول آپریشن تا حال جاری ہے۔ حکومت پنجاب نے سپرے مشینری اور زہریں ہنگامی بنیادوں پر خرید کر فیلڈمیں فراہم کی ہیں اور محکمہ زراعت پنجاب کی3 ہزار سے زائد ورکرز اس کے کنٹرول کیلئے اس مہم میں حصہ لے رہے ہیں۔

صوبہ سے لوکسٹ کے مکمل تدارک تک تمام متعلقہ محکموں کی سرگرمیاں جاری رہیں گی اور ان سرگرمیوں کی روزانہ کی بنیاد پر مانیٹرنگ بھی کی جارہی ہے۔بیورہوائی جہاز (Beaver aircraft) ضرورت کے مطابق ہوائی (ایریل) آپریشن بھی کر رہے ہیں۔ ٹڈی دل کا انڈوں، بچوں اور ہاپرز (Hopers)کی حالتوں میں تدارک یقینی بنایا جارہا ہے تاکہ آئندہ نسل پروان نہ چڑھ سکے۔ تمام متعلقہ سٹیک ہولڈزر کی باہمی کوششوں سے سرویلنس اور کنٹرول میں مزید بہتری آرہی ہے۔

اس مو قع پر سیکرٹری زراعت پنجاب واصف خورشید نے بتایا کہ محکمہ زراعت کی مرتب کردہ بہترین حکمت عملی پر عملدرآمد سے صوبہ بھر میں ٹڈی دل کے نقصان سے فصلیں محفوظ ہیں۔پاکستان میں موجود ٹڈی د ل کی جو قسم پائی جاتی ہے وہ فصلات کی بجائے درختوں مثلاً کیکر،فراش،کوکل اور باتھو وغیرہ کو زیادہ شوق سے کھاتا ہے۔ محکمہ زراعت پنجاب نے درختوں پر سپرے کیلئی2 سو سے زائدسپرے مشینوں کا انتظام بھی کیا ہے۔