یو ای ٹی اورپنجاب بھر کے تمام سرکاری انجینئرنگ اداروں میں داخلہ کیلئے آن لائن رجسٹریشن کا عمل جاری

انٹری ٹیسٹ کیلئے ٹوکن کی وصولی اور رجسٹریشن کی آخری تاری یکم جون ہے، 2جون تک ایڈمٹ کارڈ پرنٹ کئے جا سکیں گے‘ انٹری ٹیسٹ میں شمولیت کیلئے ٹوکن حبیب بینک کی نامزد شاخوں پر دستیاب ہیں

بدھ 20 مئی 2020 22:50

لاہور۔20 مئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 مئی2020ء) یو نیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی لاہوراور اس کے سب کیمپسز سمیت پنجاب بھر کے تمام سرکاری انجینئرنگ اداروں میں داخلے کیلئے رجسٹریشن کا عمل جاری ہے،آن لائن رجسٹریشن اور ٹوکن وصول کرنے کی آخری تاریخ یکم جون ہے،جبکہ ایڈمٹ کارڈ2جون تک یو ای ٹی کی ویب سائٹ سے پرنٹ کیا جا سکے گا۔

انٹری ٹیسٹ ٹوکن 1200کی ادائیگی پر حبیب بینک کی نامزد برانچوں پر دستیاب ہیں۔ تفصیلات کے مطابق صوبہ پنجاب کے سرکاری اداروں میں بی ایس سی انجینئرنگ اور بی ایس سی انجینئرنگ ٹیکنالوجی کے پروگرامز میں داخلے کیلئے آن لائن انٹری ٹیسٹ ہوگا، امیدواران کو کمپیوٹرپرٹیسٹ دینے کی راہنمائی کیلئے مورخہ 6اور 7 جون کو ورچوئل یونیورسٹی کے مختص کردہ امتحانی مراکز میں موک/تجرباتی ٹیسٹ لیا جائے گا۔

(جاری ہے)

جبکہ حتمی ٹیسٹ 13 اور 14 جون کو لیا جائے گا۔اسی طرح انٹری ٹیسٹ کے نتائج کا اعلان 15 جون کو کردیا جائے گا۔طلباء انٹری ٹیسٹ سے متعلق تمام معلومات یو ای ٹی لاہور کی ویب سائٹ admission.uet.edu.pkسے حاصل کر سکتے ہیں۔نیز داخلہ ٹیسٹ فارم پٴْر کرنے کی سہولت فراہم کرنے کیلئے یو ای ٹی لاہور، یو ای ٹی ٹیکسلا،انجینئرنگ کالج بہاؤالدین زکریایونیورسٹی ملتان، این ایف سی انسٹیٹیوٹ برائے انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی خانیوال روڈ ملتان، انجینئرنگ کالج اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور، یونیورسٹی آف گجرات اور فاطمہ جناح وومن یونیورسٹی (صرف خواتین کیلئی)راولپنڈی میں طلباء اور طالبات کیلئے کمپیوٹر اور پرنٹر کی سہولت فراہم کی گئی ہے۔