کاروباری سر گرمیوں کو معمول پر لانا حکومت کی ترجیح ہے ، انسانی جانوں کے تحفظ سے بھی غافل نہیں رہ سکتے ،

صدر آزاد کشمیر سردار مسعود خان سی تاجر جوائنٹ ایکشن کمیٹی کے وفد کی ملاقات

بدھ 20 مئی 2020 23:27

مظفرآباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 مئی2020ء) آزاد جموں و کشمیر کے صدر سردار مسعود خان سے مظفرآباد کے تاجروں کی تنظیم تاجر جوائنٹ ایکشن کمیٹی کے سربراہ عبدالرزاق خان کی قیادت میں سات رکنی وفد کی ملاقات ۔ ملاقات میں تاجروں نے کرونا وائرس وبا کے باعث حکومت کی طرف نافذ کیے جانے والے لاک ڈائون سے بزنس کمیونٹی کے لیے پیدا ہونے والی مشکلات سے صدر ریاست کو آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کاروباری افراد کی مشکلات کو پیش نظر رکھتے ہوئے کاروباری سرگرمیوں کی مشروط اجازت دے تاکہ کاروباری سرگرمیوں کو بحال کر کے ایک طرف تاجر برادری کی مشکلات دور کی جائیں اور دوسری طرف ریاست کی معیشت کی بہتری کو یقینی بنایا جائے ۔

وفد جس میں تاجر جوائنٹ ایکشن کمیٹی کے چیئرمین عبدالرزاق خان کے علاوہ تنظیم کے سیکرٹری جنرل بشارت مغل ، صرافہ ایسوسی ایشن کے صدر ریاض زرگر ، خواجہ فاروق احمد قادری ، میر امتیاز احمد ، خواجہ عارف لون اور شیخ ہارون شامل تھے نے صدر ریاست کو بتایا کہ مظفرآباد کے تاجر حکومت اور انتظامیہ کے ساتھ پہلے بھی تعاون کر رہے تھے اور آئندہ بھی تعاون کریں گے ۔

(جاری ہے)

اس لیے حکومت کابھی یہ فرض ہے کہ وہ تاجروں کے مسائل پر ہمدردانہ غور کرے اور ایس او پیز کے ساتھ انہیں کاروباری سرگرمیاں شروع کرے کی اجازت دے ۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے صدر آزاد کشمیر سردار مسعود خان نے کہا کہ حکومت کرونا وائرس کی وبا پھوٹنے کے بعد تاجر برادری کو پیش آنے والی مشکلات سے پوری طرح آگاہ ہے اور معیشت کی بحالی اور کاروباری سرگرمیوں کو معمول پر لانا حکومت کی پہلی ترجیح ہے ۔

لیکن کاروباری سرگرمیوں اور معیشت کی بحالی سے زیادہ اہم بات یہ ہے کہ عوام کی جانوں کے تحفظ کو یقینی بنایا جائے جس کے لیے حکومت نے وقتی طور پر کاروباری سرگرمیوں پر پابندی عائد کی ہے ۔ اُنہوں نے کہا کہ حکومت نے تاجروں کے مطالبات اور معاشی سرگرمیوں کو بحال کرنے کے لیے کچھ عرصہ کاروباری سرگرمیاں بحال کر کے دیکھ لیا کہ عوام احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کے بجائے لاپرواہی کے مرتکب ہوئے ۔ صد ر آزاد کشمیر نے تاجر نمائندگان کو یقین دلایا کہ وہ اُن کے مطالبات متعلقہ حکومتی حلقوں تک پہنچائیں گے اور اس بات کی پوری کوشش کی جائے گی کہ تاجروں کے تمام جائز مطالبات پورے ہوں ۔