خیبرپختونخواہ کے علاقے میں 100 سال بعد مئی کے مہینے میں برفباری

ضلع ایبٹ آباد کے پہاڑی علاقے ایوبیہ میں ہونے والی غیر متوقع برفباری سے موسم سرد ہوگیا، رہائشی حیرت میں مبتلا

muhammad ali محمد علی بدھ 20 مئی 2020 20:30

خیبرپختونخواہ کے علاقے میں 100 سال بعد مئی کے مہینے میں برفباری
ایبٹ آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 20 مئی2020ء) خیبرپختونخواہ کے علاقے میں 100 سال بعد مئی کے مہینے میں برفباری، ضلع ایبٹ آباد کے پہاڑی علاقے ایوبیہ میں ہونے والی غیر متوقع برفباری سے موسم سرد ہوگیا، رہائشی حیرت میں مبتلا۔ تفصیلات کے مطابق موسمیاتی تبدیلیوں کے باعث پاکستان غیر متوقع اثرات کا سامنا کر رہا ہے۔ گزشتہ کئی برسوں کے دوران رواں برس موسم سرما کی شدت کافی زیادہ رہی، جبکہ غیر متوقع بارشوں کے باعث اب تک گرمی کی شدت میں بھی توقع کے مطابق اضافہ نہیں ہوا۔

گزشتہ دنوں خبر آئی تھی کہ آزاد کشمیر کے کچھ علاقوں میں غیر متوقع برفباری ہوئی، جبکہ اب خیبرپختونخواہ میں بھی برفباری ہوئی ہے۔ بتایا گیا ہے کہ خیبرپختونخواہ کے اہم ترین ضلع ایبٹ آباد کے سیاحتی مقام ایوبیہ میں 100 سال بعد مئی کے ماہ میں برفباری ہوئی ہے۔

(جاری ہے)

ایوبیہ میں آخری مرتبہ 1920 میں مئی کے ماہ میں برفباری ہوئی تھی۔ ایوبیہ میں غیر متوقع برفباری نے جہاں موسم سرد کر دیا، وہیں علاقے کے رہائشی بھی حیرت زدہ رہ گئے۔

ایوبیہ میں برفباری ہونے کی خبر سنتے ہی آس پاس کے علاقوں کے لوگ سیاحتی مقام پہنچ گئے۔ علاقہ مکینوں کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ ایوبیہ میں گزشتہ چند برسوں کے دوران مئی کے ماہ کے دوران موسم کسی حد تک گرم ہو جاتا ہے۔ تاہم اب اچانک ہونے والی برفباری نے ان کو خوشگوار حیرت میں مبتلا کر دیا ہے۔ وہ اپنے آباو اجداد سے سنا کرتے تھے کہ ایوبیہ میں موسم گرما کے دوران بھی شدید سردی ہوا کرتی تھی، تاہم اب انہوں نے پہلی مرتبہ خود اپنی آنکھوں سے علاقے میں گرمی کے موسم میں برفباری ہوتے دیکھی ہے۔