وزیرستان میں ویڈیو لیک ہونے پر 2لڑکیوں کو قتل کرنے والا مرکزی ملزم گرفتار

گرفتار ہونے والا مرکزی ملزم محمد اسلم رشتے میں دونوں لڑکیوں کا چچا زاد بھائی ہے، محمد اسلم نے لڑکیوں کو انکے والد اور بھائی کی مدد سے غیرت کے نام پر قتل کیا، پولیس

Usman Khadim Kamboh عثمان خادم کمبوہ جمعہ 22 مئی 2020 00:22

وزیرستان میں ویڈیو لیک ہونے پر 2لڑکیوں کو قتل کرنے والا مرکزی ملزم گرفتار
وزیرستان (اردوپوائنٹ تازہ ترین اخبار-21مئی2020ء) وزیرستان میں ویڈیو لیک ہونے پر 2لڑکیوں کو قتل کرنے والا مرکزی ملزم گرفتار، تفصیلات کے مطابق وزیرستان پولیس نے ویڈیو لیک ہونے پر 2لڑکیوں کو قتل کرنے والے مرکزی ملزم محمد اسلم کو گرفتار لرلیا ہے۔ پولیس کے مطابق گرفتار ہونے والا مرکزی ملزم محمد اسلم رشتے میں دونوں لڑکیوں کا چچا زاد بھائی ہے، محمد اسلم نے لڑکیوں کو انکے والد اور بھائی کی مدد سے غیرت کے نام پر قتل کیا۔

وزیرستان پولیس کے مطابق درج کیے گئے مقدمے کے مطابق علاقہ شام پلین گڑیوم میں 16 اور 18 برس کی دو لڑکیوں کو ان کے چچا زاد بھائی نے فائرنگ کر کے قتل کیا۔ درج مقدمے میں کہا گیا کہ دونوں لڑکیاں آپس میں کزن ہیں اور چند دن قبل ان کی ایک وڈیو لیک ہوئی تھی جس میں موجود مواد کی وجہ سے انھیں غیرت کے نام پر قتل کر دیا گیا۔

(جاری ہے)

پولیس نے اس سے قبل بھی دو ملزمان کو گرفتار کیا تھا، جن میں ایک لڑکی کا بھائی امین خان اور دوسرا ملزم دوسری لڑکی کا والد رسول خان ہیں۔

وزیرستان پولیس کے مطابق انھوں نے غیرت کے نام پر قتل کے مقدمے کو پانچوں ملوث ملزموں کو گرفتار کر کے کامیابی کے ساتھ مکمل کیا۔ ڈسڑکٹ پولیس افسر جنوبی وزیرستان شوکت علی کا اس حوالے سے کہنا تھا کہ اس واقعہ کے بارے میں انھیں کچھ اطلاعات ملی تھیں کہ تحصیل شکتو کے علاقے میں یہ واقعہ پیش آیا ہے جس پر مقامی تھانہ رزمک کو تفتیش اور ضروری کاروائی کا کہا گیا۔

اس سے قبل دونوں لڑکیوں کی ویڈیو بنانے والے ملزم کو بھی گرفتار کر لیا گیا تھا۔ اس حوالے سے ضلعی ی پولیس سربراہ شفیع اللہ گنڈاپور نے بتایاہے کہ خواتین قتل کیس میں ویڈیو بنانے والے مرکزی ملزم عمر ایاز کو گرفتار کر کیا گیا ہے۔ پولیس حکام کا اس بارے میں کہنا تھا کہ خصوصی کارروائی کے دوران ویڈیو بنانے والے مرکزی ملزم کو گرفتار کیا گیا ہے جبکہ قتل ہونے والی لڑکی کا بھائی اور دوسری قتل ہونے والی لڑکی کا والد بھی زیر حراست ہیں۔

اد رہے کہ وزیرستان میں2 لڑکیوں کو غیرت کے نام پر قتل کردیا گیا تھا، لڑکیوں کی ایک لڑکے کے ساتھ سوشل میڈیا پرموبائل ویڈیوگردش کررہی تھی کہ باپ اور بھائی نے گولی مار کر قتل کردیا تھا۔ بتایا گیا تھا کہ دونوں لڑکیوں کی سوشل میڈیا پرایک لڑکے ساتھ ویڈیو گردش کر رہی تھی، ویڈیو کو دیکھ خاندان کے فرد نے قتل کردیا ، اس کو غیرت کے نام پر قتل کا مقدمہ کا کہا جا رہا ہے۔

شمالی وزیرستان کے رزمک پولیس اسٹیشن نے ریاست کی مدعیت میں ایف آئی آر درج کروا دی گئی تھی جس کے بعد آج پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے ویڈیو بنانے والے ملزم کو گرفتار کر لیا ہے۔ ایف آئی آر کے مطابق قتل کا واقعہ 14 مئی کو صوبہ خیبرپختونخوا میں جنوبی و شمالی وزیرستان کے سرحدی گاؤں شام پلین گڑیوم میں دوپہر2 بجے کے قریب پیش آیا۔ خیال رہے کہ ویڈیو میں موجود تیسری لڑکی کی تلاش ابھی تک جاری ہے۔