پی آئی اے طیارہ کے حادثہ کی تحقیقات کیلئے چاررکنی تحقیقاتی ٹیم کے قیام کااعلان،کموڈورمحمد عثمان غنی ٹیم کی قیادت کریں گے

ہفتہ 23 مئی 2020 00:20

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 مئی2020ء) وفاقی حکومت نے کراچی میں پی آئی اے طیارہ کے حادثہ کی تحقیقات کیلئے چاررکنی تحقیقاتی ٹیم کے قیام کااعلان کردیاہے۔محکمہ شہری ہوابازی کی طرف سے جاری کردہ نوٹیفیکشن کے مطابق ائیرکرافٹ ایکسڈینٹ اینڈ انویسٹی گیشن بورڈ(اے اے آئی بی) کے صدر کموڈورمحمد عثمان غنی ٹیم کی قیادت کریں گے، ٹیم کے دیگرارکان میں اے اے آئی بی کے ایڈیشنل ڈائریکٹر ٹیکنیکل انویسٹی گیشن ونگ کمانڈرملک محمد عمران، پاکستان ائیرفورس سیفٹی بورڈکامرہ کے آپریشنز انویسٹی گیٹرگروپ کیپٹن توقیر،اورجائنٹ ڈائریکٹر ائیرٹریفک کنٹرول آپریشنز اے اے آئی بی ناصرمجید شامل ہیں۔

نوٹیفیکیشن کے مطابق تحقیقاتی ٹیم سول ایوی ایشن رولز مجریہ 1994 کے دفعات تین اورچار اوردفعات 272 سے 275 تک کے تحت حاصل اختیارات کم سے کم وقت میں رپورٹ مرتب کرکے ایوی ایشن ڈویژن میں داخل کرے گی تاہم ابتدائی رپورٹ نوٹیفکیشن کے اجراء کے ایک ماہ کے عرصہ میں جاری ہوگی۔

(جاری ہے)

قبل ازیں حادثہ کے فوری بعد وفاقی وزیرشہری ہوابازی غلام سرورخان نے حادثہ پر گہرے رنج وغم کااظہارکرتے ہوئے ائیرکرافٹ ایکسڈینٹ اینڈ انویسٹی گیشن بورڈ(اے اے آئی بی) کو حادثہ کی فوری تحقیقات کا حکم دیا تھا۔جمعہ کولاہورسے کراچی جانیوالی پی آئی اے کی پروازپی کے 8303 کے حادثہ میں درجنوں افراد لینڈینگ سے چند لمحے قبل اپنی جانوں سے ہاتھ دھوبیٹھے تھے۔