فارما انڈسٹری کے حقیقی پوٹینشل سے فائدہ اٹھایا جائے،ڈاکٹر مرتضیٰ مغل

ہفتہ 23 مئی 2020 15:44

فارما انڈسٹری کے حقیقی پوٹینشل سے فائدہ اٹھایا جائے،ڈاکٹر مرتضیٰ مغل
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 مئی2020ء) ایف پی سی سی آئی مرکزی قائمہ کمیٹی برائے انشورنس کے کنوینر ڈاکٹر مرتضیٰ مغل نے کہا ہے کہ حکومت فارما انڈسٹری کے پوٹینشل سے بھر پور فائدہ اٹھا سکتی ہے ۔مقامی فارما انڈسٹری میں ترقی اور برامدات کا بڑا پوٹینشل موجود ہے جس کی مدد سے بھاری زرمبادلہ کمایا جا سکتا ہے جبکہ غربت میں کمی کی جا سکتی ہے۔

ڈاکٹر مرتضیٰ مغل نے یہاں جاری ہونے والے ایک بیان میں کہا کہ ادویات کی عالمی منڈی کا حجم تقریباً 1.3 کھرب ڈالر ہے جس میں سے شمالی امریکہ کا حصہ پچاس فیصد جبکہ پاکستان کا حصہ نہ ہونے کے برابر ہے۔ بھارت اٹھارہ ارب ڈالر کی ادویات برامد کر رہا ہے جس میں چودہ ارب ڈالر کی ادویات صرف امریکہ خرید رہا ہے جبکہ پاکستان کی کل برامدات دو سو ملین ڈالر ہیں۔

(جاری ہے)

انھوں نے کہا کہ پاکستانی فارما پراڈکٹس کی کوالٹی بہتر بنانے کی ضرورت ہے تاکہ انھیں امریکہ اور پورپی منڈیوں میں بھی روشناس کروایا جا سکے کیونکہ اس وقت مقامی فارما انڈسٹری کا فوکس مقامی مارکیٹ اور ترقی پزیر ممالک پر ہے۔پاکستان اس صنعت کو ترقی دینے کے لئے ایک نیا محکمہ بنا کر صنعت کا معیار بہتر بنایا جا ئے اور پاکستانی ادویات کو ترقی یافتہ ممالک میں رجسٹر کروایا جا سکے ۔

حکومت اس صنعت کو اپ گریڈ کرنے والوں کو ٹیکس مراعات اور دیگر سہولیات دے اورخام مال کی درامد پر محاصل کم یا ختم کرے تاکہ اسکی ترقی یقینی بنائی جا سکے۔ انھوں نے کہا کہ ترقی یافتہ ممالک میں بھارتی فارما مصنوعات کے خلاف معیار اور مقدار میں کمی، بڑے پیمانے پر دھوکہ دہی اور دیگر سنگین مقدمات چل رہے ہیں جسکی وجہ سے انکی مانگ کم ہو رہی ہے جس سے فائدہ اٹھاتے ہوئے پاکستانی اپنی مصنوعات روشناس کروا سکتا ہے۔