اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے 5 نئے غیر مستقل ارکان کا انتخاب جون میں ہو گا

ہفتہ 23 مئی 2020 17:21

اقوام متحدہ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 مئی2020ء) اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی5 نئے غیر مستقل ارکان کا انتخاب جون میں ہو گا جس میں کورونا وائرس کی وبا کے باوجود رکن ممالک کے مندوبین ذاتی طور پر ووٹنگ کے عمل میں شریک ہوں گے اور الیکٹرانیکلی ووٹنگ نہیں ہوگی۔ فرانسیسی خبر رساں ادارے کے مطابق جنرل اسمبلی کے صدر تجانی محمد بندے نے گزشتہ روز اقوام متحدہ کے رکن ممالک کے نام جاری خط میں کہا کہ ووٹ ڈالنے والے ممبران کو رائے شماری کے لئے مقررہ وقت اور مقام کے بارے میں پیشگی اطلاع دی جائے گی تاکہ وہ اپنا حق رائے دہی استعمال کریں۔

میکسیکو اور بھارت کا انتخاب یقینی ہے کیونکہ یہ بالترتیب لاطینی امریکہ اور ایشیا سے دو ممالک ہیں۔ ووٹنگ کے دوران آئرلینڈ، ناروے اور کینیڈا کے درمیان2 سیٹوں پر مقابلہ ہو گا جبکہ افریقی نمائندگی کے لیے کینیا اور جبوتی کے درمیان ایک سیٹ پر مقابلہ ہو گا۔

(جاری ہے)

سلامتی کونسل کے غیر مستقل ارکان کا انتخاب 17 جون کو ہونا تھا لیکن کورونا وائرس کے باعث تاریخ کا اعلان نہیں کیا گیا جس کا مطلب یہ ہے کہ حالات کے مطابق انتخاب کی تاریخ طے کی جائے گی۔ خط میں بتایا کہ جنرل اسمبلی کے 193 ممبران بغیر کسی اجلاس کے سیکرٹ بیلٹ کے ذریعے ووٹ دیں گے۔ ووٹنگ کے لیے جگہ کا تعین نہیں کیا گیا ہے تاہم امکان ہے کہ یہ ووٹ نیویارک میں اقوام متحدہ کے ہیڈکوارٹرز میں ہوں گے۔