کورونا کے 762 نئے کیسز سامنے آئے ہیں، احتیاطی تدابیر اپنانا ہی اس وبا سے نجات پانے کا راستہ ہے ‘ مراد علی شاہ

اتوار 24 مئی 2020 00:01

کراچی۔23 مئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 مئی2020ء) وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 4 ہزار 336 ٹیسٹ کئے گئے ہیں جس میں 762 افراد میں کورونا وائرس کی تشخیص ہوئی ہے ، 14 مریض انتقال کرگئے ہیں جبکہ 155 مریضوں کی حالات تشویشناک ہے جس میں 34 مریض وینٹی لیٹرز پر ہیں ۔ ہفتہ کو جاری کردہ اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ 1 لاکھ 53 ہزار 902 مجموعی ٹیسٹ کئے گئے ہیں جس میں 21 ہزار 645 افراد میں وائرس کی تشخیص ہوئی ہے۔

صوبہ میں وائرس سے جاں بحق افراد کی تعداد 354 ہوگئی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت صوبہ میں وائرس کے 14 ہزار 78 مریض ہیں جس میں 12 ہزار 424 گھروں، 794 آئیسولیشن سینٹرز اور 860 مریض اسپتالوں میں زیرعلاج ہیں۔ مراد علی شاہ نے کہا کہ گذشتہ روز 198 مریض صحتیاب ہوئے ہیں ،صحتیاب ہونے والے مریضوں کی تعداد 7 ہزار 213 ہوگئی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ صوبہ میں نئے سامنے آنے والی762 کورونا کیسز میں سے 618 کیسز کا تعلق کراچی سے ہے جس میں ضلع شرقی سے 190، جنوبی 115، وسطی 112 ، ملیر 81 ،کورنگی 76 اور ضلع غربی سے 44 نئے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں ۔

سندھ کے دیگر اضلاع کے حوالے سے وزیراعلی نے بتایا کہ لاڑکانہ میں 20 ،حیدرآباد اور خیرپور میں 15-15 ،شہیدبینظیر آباد میں 8 ، گھوٹکی میں 5 ، قمبر شہدادکوٹ میں 3 جبکہ جیکب آباد اورمیرپورخاص میں 2-2 ، ٹھٹھہ، بدین، تھرپارکر اورجامشورو میں ایک ایک کیس سامنے آیا ہے ۔ سید مراد علی شاہ نے کہا کہ بازاروں میں غیرضروری رش نہ کریں، احتیاطی تدابیر اپنانا ہی اس وبا سے نجات پانے کا راستہ ہے۔