صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کی عید الفطرکے پٴْر مسرت موقع پر اہل وطن کو مبارکباد

اللہ رب العزت سی دعاگو ہیں کہ وہ ہماری عبادتوں کو اپنی بارگاہ میں قبول فرمائے،یہ دن جہاں اپنوں کے ساتھ ایثار اور محبت کا ہے وہاں ضرورت مندوں اور مستحق افراد کی دلجوئی اور انہیں اپنی خوشیوں میں شریک کرنے کا بھی ہے،پاکستانی قوم کو کرونا وباء کی نازک صورتحال کا مقابلہ کرنے کے لئے اتحاد اور احتیاط پر عمل پیرا ہونا ہوگا صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کا عید الفطرکے موقع پر پیغام

اتوار 24 مئی 2020 00:02

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 مئی2020ء) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نی عید الفطرکے پٴْر مسرت موقع پر اہل وطن کو مبارک باد دیتے ہوئے کہا ہے کہ وہ اللہ رب العزت سی دعاگو ہیں کہ وہ ہماری عبادتوں کو اپنی بارگاہ میں قبول فرمائے،یہ دن جہاں اپنوں کے ساتھ ایثار اور محبت کا ہے وہاں ضرورت مندوں اور مستحق افراد کی دلجوئی اور انہیں اپنی خوشیوں میں شریک کرنے کا بھی دن ہے،پاکستانی قوم کو کرونا وباء کی نازک صورتحال کا مقابلہ کرنے کے لئے اتحاد اور احتیاط پر عمل پیرا ہونا ہوگا۔

عید الفطر کے موقع پر اپنے پیغام میں صدر نے کہا کہ عید الفطر کا دن مسلمانوں کے لیے محض ایک تہوار سے بڑھ کر اس محنت ، ریاضت ، صبر اورہمدردی کا انعام ہے جو ماہِ رمضان المبارک میں انجام دی جاتی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ روز عید گویا یہ پیغام لے کر آتا ہے کہ اگر انسانیت ، ایثار اور صبر و ہمدردی جیسی صفات کو ہم مستقل طور پر اپنی زندگی کا حصہ بنا لیں تو خدائی انعام و تکریم ابدی طور پر ہمارا مقدر ہوں گے۔

یہ دن جہاں اپنوں کے ساتھ بغل گیر ہوکر خوشی ، محبت اور اخوت کے اظہار کا دن ہے وہیں ضرورت مندوں اور مستحقین کو اپنی خوشیوں میں شریک کرنے اور ان کی دلجوئی کرنے کا پیغام بھی دیتا ہے،اس وقت عالمِ انسانیت کورونا وائرس کی تباہ کاریوں سے دوچار ہے۔ صدرمملکت نے کہا کہ بڑی بڑی طاقتیں اس وبا کے سامنے بے بس نظر آتی ہیں۔ پاکستانی قوم کو اس نازک صورتِ حال کا مقابلہ متحد ہوکر اور احتیاطی تدابیر کو ملحوظ خاطر رکھ کے کرنا ہے۔

انہوں نے کہا کہ عید الفطر کے اس با برکت موقع پر ہمیں ایثار و ہمدردی کامظاہرہ کرتے ہوئے اپنے اردگرد کے ضرورت مندوں کا خصوصی خیال رکھنا ہے اور اللہ تعالیٰ کے حضور دعا کرنی ہے کہ وہ اپنا خاص فضل و کرم فرماتے ہوئے تمام دنیا کو اسآزمائش سے نکال لے۔ اللہ تعالیٰ ہماری نصرت فرمائے اور ہمیں اس مشکل گھڑی سے مزید مضبوط اور متحد بنا کر سرخرو فرمائے۔