Live Updates

دوحہ مذاکرات کامیاب؛ پاکستان اور افغانستان کا فوری جنگ بندی پر اتفاق

دوحہ میں 13 گھنٹے تک ہونے والے طویل مذاکرات کی میزبانی ریاستِ قطر نے کی جس میں ترکیہ نے ثالثی کا کردار ادا کیا

Sajid Ali ساجد علی اتوار 19 اکتوبر 2025 11:05

دوحہ مذاکرات کامیاب؛ پاکستان اور افغانستان کا فوری جنگ بندی پر اتفاق
دوحہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 19 اکتوبر2025ء) قطر میں ترکیہ کی ثالثی میں پاکستان اور افغانستان نے فوری جنگ بندی پر اتفاق کرلیا۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان اور افغانستان کے درمیان دوحہ میں 13 گھنٹے تک ہونے والے طویل مذاکرات کامیابی کے ساتھ مکمل ہوئے جن کے نتیجے میں دونوں ممالک نے فوری جنگ بندی پر اتفاق کیا ہے، مذاکرات کی میزبانی ریاستِ قطر نے کی جس میں جمہوریہ ترکیہ نے ثالثی کا کردار ادا کیا، قطر کی وزارتِ خارجہ نے اس پیشرفت کو خطے میں امن و استحکام کی جانب اہم قدم قرار دیا اور امید ظاہر کی ہے کہ یہ معاہدہ سرحدی کشیدگی کے مستقل خاتمے کی بنیاد رکھے گا، قطر کی وزارتِ خارجہ کا کہنا ہے کہ مذاکرات کے دوران دونوں فریقین نے ناصرف جنگ بندی پر اتفاق کیا بلکہ دوطرفہ امن و استحکام کے لیے ایک مستقل مکینزم پر بھی رضامندی ظاہر کی۔

(جاری ہے)

بتایا گیا ہے کہ اس پیشرفت کو پاکستان کی ایک بڑی سفارتی اور سٹریٹیجک کامیابی قرار دیا جا رہا ہے، اس حوالے سے سرکاری ذرائع نے کہا کہ یہ معاہدہ پاکستان کی پوزیشن آف سٹرینتھ کا نتیجہ ہے جہاں افواجِ پاکستان نے زمینی سطح پر واضح ردعمل دے کر افغانستان کو انتہائی مؤثر پیغام دیا، جس کے بعد ہونے والے مذاکرات میں پاکستان کا وہ دیرینہ اور واضح مطالبہ تسلیم کیا گیا جس میں افغانستان سے دہشت گردی کی ہر قسم کی حمایت اور سہولتکاری کے خاتمے کا تقاضہ کیا گیا، حساس نوعیت کے باعث مذاکرات کی تمام تفصیلات کو عوامی نہیں کیا گیا جو اس بات کا مظہر ہے کہ افغان فریق کو چہرہ بچانے کا موقع دیا گیا۔

ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ افغان جانب سے کوئی مطالبہ پیش نہیں کیا گیا اور پاکستان کا مؤقف مکمل طور پر تسلیم کرلیا گیا ہے، اس معاہدے کے تحت افغانستان سے پاکستان کی سرزمین پر دہشت گردی کا سلسلہ فوری طور پر بند کیا جائے گا، فریقین نے اس بات پر بھی اتفاق کیا ہے کہ مذاکرات کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا تاکہ طے شدہ نکات پر عمل درآمد یقینی بنایا جا سکے، اس ضمن میں اگلا فالو اپ اجلاس 25 اکتوبر کو استنبول میں منعقد ہوگا جہاں دونوں ممالک کے وفود تفصیلی معاملات پر بات چیت کریں گے۔
Live پاک افغان کشیدگی سے متعلق تازہ ترین معلومات