عوام کرونا کا موثر علاج دریافت ہونے تک طبی ماہرین کی طرف سے بتائی گئی احتیاطی تدابیر اپنائیں، سردارمسعود خان

کرونا وائرس کی ویکسین مارکیٹ میں دستیاب ہونے تک سماجی میل جول میں احتیاط اور حفظان صحت کے اصولوں کی پاسداری ہم سب کی اجتماعی سماجی ذمہ داری ہے، صدر آزاد کشمیر

بدھ 27 مئی 2020 16:36

عوام کرونا کا موثر علاج دریافت ہونے تک طبی ماہرین کی طرف سے بتائی گئی ..
راولاکوٹ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 مئی2020ء) صدر آزاد جموں وکشمیر سردار مسعود خان نے عوام الناس اور معاشرے کے با اثر طبقات پر زور دیا ہے کہ وہ کرونا وائرس کا موثر علاج دریافت ہونے تک وہ تمام احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کے عمل یقینی بنائیںجو اس بیماری کے پھیلائو کی روک تھام کے لئے طبی ماہرین اور حکومت کی طرف سے انہیں بتائی جارہی ہیں۔

کرونا وائرس کی ویکسین مارکیٹ میں دستیاب ہونے تک سماجی میل جول میں احتیاط اور حفظان صحت کے اصولوں کی پاسداری ہم سب کی اجتماعی سماجی ذمہ داری ہے۔ جس سے روگردانی کے نتائج ہماری انفرادی اور اجتماعی زندگی کے لئے نہایت منفی ہو سکتے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے روالاکوٹ کے قریب ہورنہ میرہ میں اپنی رہائش گاہ میں مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

صدر آزادکشمیر سے ملاقات کرنے والوں میں سردار شبیر خان(گلف گروپ)، سردار سعید عزیز، سردار توصیف عزیز، سردار شاہ زیب خان، سردار زرین خان، پی ایم ایل (ن) حلقہ چار کے صدر سردار عاشق خان ، سردار الطاف خان، سردار جاوید خان کے علاوہ دیگر سیاسی، مذہبی اور سماجی رہنما شامل تھے۔ صدر آزادکشمیر سے ملاقات کرنے اور انہیں عید کی مبارکباد دینے والوں نے صدر کے چچا محترم سردار نذیر خان کی وفات پر ان سے تعزیت کا اظہار بھی کیا اور مرحوم کی مغفرت اور ان کی روح کے ایصال ثواب کے لئے فاتحہ خوانی بھی کی۔

اس موقع پر گفتگوکرتے ہوئے صدر سردار مسعود خان نے پاک فوج، علماء ، ڈاکٹروں اور پیرا میڈیکل سٹاف اور سماجی تنظیموں کی طرف سے کرونا وائرس کی وبا سے موثر انداز میں نمٹنے کی کوششوں کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ کرونا کے خلاف جنگ طویل بھی ہو سکتی ہے اس لئے معاشرے کے تمام طبقات کو مل جل کر قوم کو اس بحران سے نکالنا ہو گا اور عوام کو صحیح سمت میں رہنمائی کرنا ہو گی۔

صدر آزادکشمیر نے سماجی تنظیموں اور اہل ثروت سے بھی اپیل کی کہ وہ لاک ڈائون کی وجہ سے اپنی روزی روزگار سے محروم ہو جانے والے افراد کی مدد کے لئے آگے آئیں اور اس بات کو یقینی بنائیں کہ کمیونٹی میں کوئی شخص بھوکا سوئے اور نہ ہی پوشاک سے محروم رہے۔ عوام کو ضروری احتیاطی تدابیر کی ہدایت کرتے ہوئے صدر سردار مسعود خان نے کہا کہ سماجی میل جول میں فاصلہ،حکومت اور حکومتی اداروں سے تعاون اور صحت و صفائی کے اصولوں کی پابندی ایسی بنیادی چیزیں ہیں جنہیں نظر انداز نہیں کیا جا سکتا۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کمیونٹی عمائدین نے صدر ریاست اور حکومت کو یقین دلایا کہ وہ کرونا وباء کے پھیلائو کو روکنے کے سلسلے میں بھرپور تعاون کریں گے اور اپنی سماجی ذمہ داریوں کو پورا کرنے میں کسی قسم کی غفلت نہیں کریں گے۔ بعد ازاں صدر آزادکشمیر سردار مسعود خان سے صدارتی مشیر سردار اعجاز یوسف خان اور مسلم لیگی رہنما سردار عاشق کی قیادت میں ایک عوامی وفد نے ملاقات کی اور صدر ریاست سے علاقے کے عوامی مسائل سمیت دیگر امور پر گفتگو کی۔