پاکستان کا دفاع ناقابل تسخیر ہے بھارت اور دشمن ممالک کی خام خیالی ہے وہ پاکستان کو نقصان پہنچا سکتے ہیں ،سابق اسپیکر جمال شاہ کاکڑ

بدھ 27 مئی 2020 18:12

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 مئی2020ء) پاکستان مسلم لیگ(ن) کے صوبائی جنرل سیکرٹری و سابق اسپیکر جمال شاہ کاکڑنے کہا ہے کہ پاکستان کا دفاع ناقابل تسخیر ہے بھارت اور دشمن ممالک کی خام خیالی ہے کہ وہ پاکستان کو نقصان پہنچا سکتے ہیں ، پاکستان کو ایٹمی طاقت بنانے والی قوت میاں محمد نواز شریف اور مسلم لیگ(ن)ہیں ، یہ بات انہوں نے یوم تکبیر کے موقع پر اپنے ایک بیان میں کہی، انہوں نے کہا کہ پاکستان کو اٹیمی قوت بنانے میں میاں نواز شریف کا سب کلیدی کردار ہے کہ جنہوں نے تمام تر دبائو اور پیش کشوں کے باوجود ملکی دفاع کو مضبوط کیا اور 28مئی کو ایٹمی دھماکے کر کے پوری دنیا کو بتا دیا کہ پاکستان کا دفاع اب ناقابل تسخیر ہے ہماری طرف میلی آنکھ اٹھا کر دیکھنے والوں کو نیست و نابود کرد یں گے ، انہوں نے کہا کہ بھارت جو ایک دہشتگرد ریاست بن چکا ہے کی خام خیالی ہے کہ وہ پاکستان کو نقصان پہنچا سکتا ہے نریندر مودی مذہبی جنونیت کے فلسفے پر چل رہا ہے جسے یہ معلوم نہیں کہ جنونیت سے دنیا فتح نہیں کی جاتی جنونیت سے صرف اسکا اور ہندوستان کا ناقابل تلافی نقصان ہوگا، انہوں نے کہا کہ آج دنیا بھر میں بھارت کا مکروہ چہرہ بے نقاب ہوچکا ہے بھارت کو اب مذہبی انتہا پسند ریاست کے نام سے جانا جارہا ہے جو گڑھا اس نے پاکستان کے لئے کھودا آج وہ اپنی سیاہ کرتوتوں کی وجہ سے خود اس میں گر چکا ہے وہ دن دور نہیں کہ جب کشمیر آزاد اور بھارت کئی ٹکروں میں تقسیم ہوگا، انہوں نے کہا کہ یوم تکبیر کے دن ہم عہد کرتے ہیں کہ ملک کے لئے ہر قسم کی قربانی دینے کے لئے تیار ہیں اگر ضرورت پڑی تو مسلم لیگ(ن) کا ہر کارکن وطن کیلئے شہید ہونے کے لئے تیار ہے ۔