ریسٹورنٹس، مری و دیگر سیاحتی مقامات کھولنے کا فیصلہ این سی او سی کی اجازت سے مشروط

پنجاب پبلک سروس کمیشن کورونا سے بچاؤ کیلئے ا یس او پیز پر عملدرآمد کرتے ہوئے انٹرویوز لے سکے گا کرائے کم کرنے کے فیصلہ پر عملدرآمد یقینی بنایا جائے ، ذمہ داری کا مظاہرہ ہوا تو پابندیاں نرم کرنے پر غور ہو گا،عبدالعلیم خان

جمعرات 28 مئی 2020 20:27

ریسٹورنٹس، مری و دیگر سیاحتی مقامات کھولنے کا فیصلہ این سی او سی کی ..
لاہور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 28 مئی2020ء) پنجاب میں ریسٹورنٹس، مری و دیگر سیاحتی مقامات کھولنے کا فیصلہ نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹر کی اجازت سے مشروط کر دیا گیا ۔وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدارکی ہدایت پرسینئر صوبائی وزیر عبدالعلیم خان کی زیر صدارت کابینہ کمیٹی انسداد کورونا کے ویڈیو لنک اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ پنجاب پبلک سروس کمیشن میں کورونا سے بچاؤ کیلئے ایس او پیز پر عملدرآمد سے مشروط انٹرویوز کئے جا سکیں گے ۔

سینئر وزیر عبدالعلیم خان نے اجلاس میں موجودہ صورتحال کے مطابق مختلف شعبوں میں نرمی کا فیصلہ کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ ذمہ دارانہ طرز عمل کا مظاہرہ ہوا تو بتدریج پابندیاں نرم کرنے پر غورکرینگے ۔انہوںنے کہا کہ صوبہ بھر میں ٹرانسپورٹ کے کرائے کم کرانے کے فیصلہ پر عملدرآمد یقینی بنایا جائے ۔

(جاری ہے)

عبدالعلیم خان نے ہدایت کی کہ محکمہ صحت کورونا کی اصل صورتحال سے میڈیا کو روزانہ آگاہ رکھے۔

کابینہ کمیٹی برائے انسداد کورونا نے پنجاب پبلک سروس کمیشن میں ایس او پیز سے مشروط انٹرویو ز کی اجازت دینے کا اصولی فیصلہ بھی کیا۔اجلاس میں بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ محکمہ پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ اور محکمہ سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر کو مجموعی طور پر تقریبا ساڑھے 11 ارب کورونا بجٹ دیا گیا ۔ محکمہ سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر نے کورونا کے سلسلے میں 96 کروڑ روپے ہسپتالوں کوجاری کئے۔

26 کروڑ روپے حفاظتی سامان اور 57 کروڑ ادویات پرخرچ کئے گئے ہیں ۔ 24 ہسپتالوں کوضرورت کے مطابق 10 کروڑ سے 50 لاکھ روپے تک فراہم کئے ہیں ۔دونوں محکموں نے مجموعی طور پر 5 ارب کے لگ بھگ اخراجات کئے ۔ لاہور میں ایکسپو سنٹر فیلڈ ہسپتال صرف اڑھائی کروڑ روپے کی لاگت سے بنایا گیا ۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ پنجاب میںکورونا کی99 66مریض صحت یاب ہو کر گھروں کو جا چکے ہیں ۔

سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر کے ہسپتالوں میں 1073 ، پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کے ہسپتالوں میں 897 کورنا مریض زیر علاج ہیں۔صوبہ بھر کے پرائیویٹ ہسپتالوں میں کورونا مریض 275 مریض زیر علاج ہیں ۔صوبہ بھر میں1266 مریض ہوم آئسو لیشن میں ہیں ۔صوبہ بھر میں صرف 65 مریض نازک حالت کے پیش نظر وینٹی لیٹرپر زیر علاج ہیں ۔ پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر میں 17600 سماجی رابطے ٹریس کئے اور تقریباسوا لاکھ کورونا ٹیسٹ کئے۔

اجلاس کے دوران طیارہ حادثہ میں شہیداربن یونٹ کے چیف ایگزیکٹو آفیسر خالد شیر دل کے ایصال ثواب کے لئے دعائے مغفرت بھی کی گئی۔کابینہ کمیٹی برائے انسداد کورونا کے اجلاس میںصوبائی وزراء راجہ بشارت، ڈاکٹر یاسمین راشد، میاں اسلم اقبال، چیف سیکرٹری،انسپکٹر جنرل پولیس اور دیگرسینئرافسران نے شرکت کی جبکہ ویڈیو لنک کے ذریعے کور ہیڈ کوارٹر سے اعلی عسکری حکام اورسول سیکرٹریٹ سے اعلی صوبائی حکام شریک ہوئے۔