سول ایوی ایشن اتھارٹی نے امریکی خصوصی طیارے کو اجازت نامہ جاری کردیا

خصوصی طیارہ امریکی سفارتی عملے کے 45 رکنی وفد کو لیکر 30 مئی کو اسلام آباد پہنچے گا

جمعہ 29 مئی 2020 20:38

سول ایوی ایشن اتھارٹی نے امریکی خصوصی طیارے کو اجازت نامہ جاری کردیا
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 29 مئی2020ء) سول ایوی ایشن اتھارٹی نے امریکی خصوصی طیارے کو اجازت نامہ جاری کردیا،خصوصی طیارہ امریکی سفارتی عملے کے 45 رکنی وفد کو لیکر 30 مئی کو اسلام آباد پہنچے گا،خصوصی طیارہ واپسی پر اپنے سفارتی عملے کے 8 ارکان کو بھی امریکہ لیکر جائیگا۔اسلام آباد ائیرپورٹ پر لینڈ کرنے والے امریکی طیارے کے عملے کو جہاز سے اترنے کی اجازت نہیں ہوگی۔

(جاری ہے)

دوسری جانب سول ایوی ایشن اتھارٹی نے تمام پروازیں کھولنے کی اجازت دے دی،پروازوں کو کھولنے سے متعلق فیصلہ وفاقی حکومت کی جانب سے کیا گیا،شیڈول،نان شیڈول اور چارٹرڈ فلائٹس آپریٹ ہو سکیں گی،پروازیں جمعہ کی رات بارہ بجے سے کورونا ایس او پیز کے ساتھ چلانے کا فیصلہ کیا گیا ،قومی اور بین الاقوامی پروازیں گوادر اور تربت کے علاؤہ سب جگہ سے آپریٹ ہونگی۔ اس فیصلے کے تحت غیر ملکی پروازیں پاکستان سے مسافروں کو لے کر روانہ ہو سکیں گی۔ ترجمان ایوی ایشن ڈویژن عبد الستار کھوکھر کے مطابق جہازوں کو ڈس انفیکشن لازمی قرار دیا گیاہے۔