پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا فائدہ عوام تک پہنچایا جائے،کاشف سعید شیخ

منگل 2 جون 2020 16:45

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 02 جون2020ء) جماعت اسلامی سندھ کے جنرل سیکریٹری کاشف سعید شیخ نے کہا ہے کہ کورونا وائرس کی وبا کے نتیجے میں جہاں دنیا بھر کی تیل سے مالا مال حکومتیں معاشی طور پر پریشانی کا شکار ہوئی ہیں وہیں غریب ممالک اور تیل خریدنے والے ملکوں نے تیل کی قیمتوں میں کمی کا عوام کو بھرپور فائدہ پہنچایا ہے لیکن پی ٹی آئی حکومت نے تیل کی گرتی ہوئی قیمتوں کا عوام کو فائدہ پہنچانے کی بجائے لیوی ٹیکس میں مزید اضافہ کرکے عوام کے ساتھ ہیراپھیری کی بدترین مثال قائم کی ہے۔

انہوں نے آج ایک بیان میں مزید کہا کہ مارچ سے مئی تک تیل کی قیمتوں میں ہونے والی کمی کا عوام کو ابھی تک کوئی فائدہ نہیں پہنچا ہے، اشیائے خوردونوش، گوشت، پولٹری اور پھل سبزیاں مہنگی جبکہ آٹے کی قیمت میں بھی اضافے کی خبریں مہنگائی کے مارے ہوئے عوام کیلئے کورونا سے بڑی مصیبت بن چکی ہیں، حکومت تیل کی قیمتوں میں کمی کا فائدہ عوام کو پہنچانے کیلئے ذخیرہ اندزوں، منافعہ خور بیوپاریوں سمیت بااثر مافیاز کیخلاف کاروائی کرنے کی بجائے خاموش تماشائی کا کردار ادا کررہی ہے، چینی،آٹا اسکینڈل میں ملوث موجودہ حکومت سے عوام کی بھلائی کی توقع کرنا عبث ہے،پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا فائدہ جب تک عام آدمی کو نہیں پہنچتا تیل کی قیمتوں میں کمی کا کوئی فائدہ نہیں ہے۔

(جاری ہے)

بااثر ڈیلرز اور پیٹرول پمپ مالکان کی غنڈہ گردی اور بدمعاشی کی وجہ سے سندھ بھر میں پیٹرول پمپس پر پیٹرول نایاب ہوچکا ہے اور لوگ اہل خانہ سمیت دھکے کھانے پر مجبور ہیں جبکہ پیٹرول کی قیمتوں میں اضافہ ہوتے ہی پمپ مالکان اضافی قیمتوں پر پیٹرول وافر مقدار میں فراہم کرتے ہیں جو ان کی عوام دشمنی کا کھلا ثبوت ہے۔ جماعت اسلامی رہنماء نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ فوری طور پر پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا فائدہ عوام تک پہنچانے کیلئے مہنگائی کے جن کو قابو کرنے کیلئے منافعہ خور اور ذخیرہ اندوز مافیا کیخلاف مؤثر کاروائی کرکے عوام کو حقیقی معنوں میں تیل قیمتوں میں کمی کا فائدہ پہنچاکر عوام دوست حکومت کا ثبوت دیا جائے۔